آج رات آپ گھر بیٹھے ہی دبئی کے عوام کے ساتھ نئے سال کی خوشیاں مناسکتے ہیں، زبردست سہولت متعارف کروادی گئی
تحریر: فضل حسین اعوان
| شائع دسمبر 31, 2016 | 17:56 شام
دبئی سٹی (مانیٹرنگ رپورٹ) نئے سال کی آمد پر یوں تو ساری دنیا میں خوشی منائی جاتی ہے لیکن جس طرح اسے دبئی میں خوش آمدید کہا جاتا ہے اس کی مثال کہیں اور نہیں ملتی۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اس بار آپ بھی گھر بیٹھے دبئی کی خصوصی تقریبات میں براہ راست شامل ہو سکتے ہیں۔
عریبین بزنس کی رپورٹ کے مطابق ایمار پراپرٹی ڈویلپرز اور سوشل میڈیا ویب سائٹ ٹویٹر کے تعاون سے دبئی میں نئے سال کی آمد کے موقع پر منعقد ہونے والا شاندر آتش بازی کا مظاہرہ ساری دنیا میں براہ راست نشر کیا جائے گا۔ آتش بازی شو کی لائیو نشریات دبئی کے وقت کے مطابق رات ساڑھے 11 بجے (پاکستانی وقت کے مطابق رات ساڑھے 12 بجے) شروع ہوجائیں گی اور ویب سائٹ ٹویٹر کے ذریعے دنیا بھر کے انٹرنیٹ صارفین اس کا حصہ بن سکیں گے۔
آتش بازی کا یہ مظاہرہ 500 ایکڑ پر پھیلے علاقے پر محیط ہوگا اور اسے دبئی شہر کے متعدد مقامات سے براہ راست دیکھا جاسکے گا۔ ساز اور آواز کے ساتھ رقص کرتی روشنیاں فضا میں اڑتے عقابوں، دم دار ستاروں اور پھول پتوں کی اشکال بنائیں گی۔ رنگ و روشنی کا یہ شاندار مظاہرہ برج خلیفہ، دبئی اوپراہ اور دیگر اہم عمارتوں پر پیش کیا جائے گا۔
سکیورٹی خدشات کے پیش نظر پیرس کے ایفل ٹاور پر سال نو کی تقریب اور آتش بازی منسوخ
ایمار پراپرٹیز کے منیجنگ ڈائریکٹر احمد المتروشی کا کہنا تھا کہ پہلی بار ٹویٹر اور ایمار پراپرٹیز نے مشترکہ طور پر تعاون کرتے ہوئے فیصلہ کیا ہے کہ دبئی میں منعقد ہونے والا عظیم الشان آتش بازی شو پوری دنیا میں براہ راست دکھایا جائے گا۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ ٹویٹر پر لائیو نشر کی بدولت دبئی میں منعقد ہونے والا یہ جشن ایک عالمی جشن کی صورت اختیار کرجائے گا جس میں دنیا بھر کے لوگ شامل ہوں گے۔