اندھا دھند فائرنگ ، دبئی کی بڑی شخصیت کو سرعام قتل کردیا گیا

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع فروری 04, 2019 | 17:58 شام

موغادیشو (مانیٹرنگ ڈیسک) افریقی ملک صومالیہ کے زیر انتظام علاقے پنٹ لینڈ میں مچھیروں کے بھیس میں آئے دہشتگردوں نے دبئی حکومت کی کمپنی پی اینڈ او پورٹس کے چیف آف آپریشنز کو گولیاں مار کر قتل کردیا۔ اس حملے کی ذمہ داری صومالیہ میں متحرک شدت پسند گروپ الشباب نے قبول کی ہے۔ پنٹ لینڈ کے باری ریجن کے گورنر یوسف محمد نے برطانوی خبر ایجنسی کو بتایا کہ مچھیروں کے بھیس میں آنے والے 2 افراد نے پال انتھونی فارموسا کو اس وقت گولیاں مار کر قتل کیا جب وہ بوساﺅ بندرگاہ پر جارہے تھے۔ انہیں مچھلی مارکیٹ میں س

ر میں گولیاں مار کر قتل کیا گیا۔ حملہ کرنے والوں میں سے ایک سکیورٹی فورسز کی کارروائی میں ہلاک ہوگیا جبکہ دوسرے کو موقع سے گرفتار کرلیا گیا ۔ پال انتھونی فارموسا دبئی کی جہاز رانی سے متعلق کمپنی پی اینڈ او پورٹس کے صومالیہ میں آپریشنز کے سربراہ تھے۔ لنکڈ ان پروفائل کے مطابق فارموسا کا تعلق مالٹا سے تھا۔ پی اینڈ او پورٹس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بوساﺅ پورٹ کے قریب پیش آنے والے واقعے میں ان کا ایک ملازم قتل جبکہ تین ملازمین زخمی ہوئے ہیں۔کمپنی کی جانب سے متاثرہ ملازمین کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔ اس حملے کی ذمہ داری شدت پسند گروپ الشباب نے قبول کی ہے ۔ الشباب نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پال انتھونی فارموسا غیر قانونی طور پر صومالیہ میں موجود تھے۔ ’ ہم نے فارموسا کو اس بارے میں متنبہ بھی کیا تھا لیکن انہوں نے ہماری بات سنی ان سنی کردی‘۔ خیال رہے کہ پنٹ لینڈ کی بوساﺅ پورٹ کی تمام تر دیکھ بھال پی اینڈ او پورٹس کمپنی کرتی ہے۔ 2017 میں کمپنی نے پورٹ کے 30 سالہ انتظام و انصرام کا ٹھیکہ حاصل کیا تھا۔