شہزادہ محمد بن سلمان نے سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر ہونے کا حق ادا کردیا ، پاکستان کیلئے شاندار اعلان کردیا

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع اپریل 04, 2019 | 19:01 شام

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) سعودی عرب نے روڈ ٹو مکہ منصوبہ میں پاکستان کو شامل کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے، پہلے مرحلے میں پائلٹ پراجیکٹ کیلئے اسلام آباد اور کراچی ایئرپورٹ کا انتخاب کیا گیا ہے، سعودی وفد نے پاکستانی انتظامات پراظہار اطمینان کیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سعودی عرب کا روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ کا معائنہ کرنے والا وفد پاکستان کا دورہ کرکے واپس روانہ ہوگیا ہے۔ سعودی وفد نے پاکستانی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ سعودی عرب نے روڈ ٹو مکہ منصوبہ میں پاکستان کو شامل کرنے کا

فیصلہ کرلیا ہے۔ جس پرپاکستان نے 5 ایئرپورٹس کو روڈ ٹو مکہ منصوبہ میں شامل کرنے کی درخواست کردی ہے۔ تاہم سعودی عرب نے پائلٹ پراجیکٹ کیلئے اسلام آباد اور کراچی ایئرپورٹ کا انتخاب کرلیا ہے۔ اس سے قبل سعودی وفد کو بریفنگ میں وفاقی سیکرٹری مشتاق احمد نے کہا کہ پاکستان کو روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ میں شامل کرنے پر ہم سعودی حکومت کے مشکور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ سے پاکستانی حجاج کی مشکلات میں واضح کمی آئے گی اور ان کا امیگریشن اور کسٹم پاکستان سے ہو گا۔ وفاقی سیکرٹری نے کہا کہ پاکستان کا مجموعی حج کوٹہ ایک لاکھ 84 ہزار 210 مقرر کیا گیا تھا جس میں سے ایک لاکھ 7 ہزار 526 حجاج سرکاری سکیم جبکہ 76 ہزار 684 پرائیویٹ ٹور آپریٹرز کے تحت حج کی سعادت حاصل کریں گے۔ انہوں کہا کہ پاکستان میں قرعہ اندازی کا مرحلہ نہایت شفاف انداز سے سرانجام دیا جاتا ہے اور حوالہ سے پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کی خدمات حاصل کی جاتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رواں سال حج فلائٹس آپریشن میں تین ایئر لائنز پی آئی اے، ایئر بلیو اور سعودی ایئر لائن حصہ لیں گی۔ انہوں نے حجاج کی تربیت کے حوالہ سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اسلام آباد، کراچی، کوئٹہ، لاہور، پشاور اور ملک کے دیگر بڑے شہروں میں تربیتی مراکز قائم کئے گئے ہیں جہاں پر حج کی سعادت حاصل کرنے والوں کو مناسک حج کی ادائیگی کہ علاوہ حفظان صحت، سعودی ثقافت و قوانین اور دیگر اہم معلومات دی جا رہی ہیں اور یہ تربیت تین مرحلوں میں دی جا رہی ہے جس میں تمام کی شرکت کو لازم قرار دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حاجیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کیلئے 552 میڈیکل سٹاف پر مشتمل ٹیم بھی روانہ کی جائے گی۔ اس کے علاوہ حجاج کی رہائش کیلئے رواں سال مکہ میں 200 عمارتیں کرایہ پر لی جا رہی ہیں اور ہماری کوشش ہے کہ تمام پاکستانیوں کو مدینہ میں مرکزیہ میں رہائش دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ حجاج کو بروقت اور تازہ کھانے فراہم کرنے کیلئے مکہ میں 12 کیٹرنگ اور مدینہ میں 13 کپمنیوں کے ساتھ معاہدے کئے جا رہے ہیں۔ اس کے علاوہ بائیو میٹرک کے مرحلہ میں مشکلات سے بچنے کیلئے اعتماد سینٹر سے دیہی علاقوں میں مزید سینٹر قائم کرنے کا کہا گیا ہے۔ سعودی ڈی جی امیگریشن میجر جنرل سلیمان الیحی کی قیادت میں 14 رکنی وفد نے پاکستان کی طرف سے روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ کے حوالہ سے کئے جانے والے اقدامات اور بریفنگ پر اطمینان کا اظہار کیا۔ وفد کے شرکاء نے کہا کہ روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ کا بنیادی مقصد حجاج کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنا ہے تاکہ وہ اپنا زیادہ وقت مذہبی فریضے کی ادائیگی اور عبادات میں صرف کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری ہر ممکن کوشش ہو گی کہ امیگریشن کے مرحلہ کو آسان سے آسان بنایا جائے اور عازمین کا سامان بھی ان کی رہائش پر پہنچا دیا جائے گا تاکہ وہ مشکلات سے بچ کے سکیں۔ بعد ازاں مذہبی امور، وزارت خارجہ، سول ایوی ایشن اتھارٹی، اینٹی نارکوٹکس فورس، کسٹم، ایف آئی اے، امیگریشن، وزارت داخلہ اور ایئرلائنز کے حکام نے سعودی وفد سے گروپس کی صورت میں بحت مباحثہ کیا اور کئے جانے والے اقدامات اور دی جانے والی سہولیات کے بارے آگاہ کیا۔