ائیرلائن کے رویے کی وجہ سے مسافر کو دل کے 3 دورے

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع نومبر 07, 2018 | 17:27 شام

لندن(مانیٹرنگ رپورٹ) ایئرلائنز کے عملے کی طرف سے گاہے مسافروں کے ساتھ ناروا سلوک کی خبریں آتی رہتی ہیں لیکن گزشتہ دنوں ریان ایئر نامی فضائی کمپنی کی ایک پرواز کے عملے نے ایک برطانوی خاتون کے ساتھ ایسے روئیے کا مظاہرہ کیا کہ خاتون کو3ہارٹ اٹیک آ گئے۔ میل آن لائن کے مطابق کیتھلین ڈونے نامی یہ خاتون اپنی فیملی کے ہمراہ چھٹیاں منانے یورپی ملک مالٹا گئی تھی۔ اس کا ایک بیٹا معذور تھا اور وہیل چیئر پر تھا۔

جہاز کے عملے نے اس معذور نوجوان کی وہیل چیئر کو جہاز میں لانے کی اجازت دین

ے سے انکار کر دیا اور کیتھلین کو بیٹے سمیت جہاز سے اتار دیا۔ کئی گھنٹے کے انتظار کے بعد ریان ایئر کی دوسری پرواز برطانیہ کے لیے جانے لگی تو وہ اس میں سوار ہوئی تاہم اس کے عملے نے بھی وہیل چیئر جہاز میں لانے کی اجازت نہیں دی اور ایک بار پھر انہیں توہین آمیز سلوک کے ساتھ جہاز سے اتار دیا۔ اس پر کیتھلین اس قدر دلبرداشتہ ہوئی کہ اسے تین ہارٹ آ گئے۔

رپورٹ کے مطابق ہارٹ اٹیک آنے سے کیتھلین بے ہوش ہو گئی اور 4منٹ تک اسے ڈاکٹروں نے تشخیصی اعتبار سے مردہ قرار دے دیا، تاہم خوش قسمتی سے چار منٹ بعد اس کی نبض بحال ہو گئی۔لیور پول ایکو سے گفتگو کرتے ہوئے کیتھلین کے چھوٹے بیٹے 49سالہ ڈیوڈ ڈونے کا کہنا تھا کہ ”ہماری ماں نے زندگی میں کبھی ذہنی دباﺅ کو اپنے قریب نہیں پھٹکنے دیا تھا۔ وہ ہمیشہ کہا کرتی تھی کہ جو ہونا ہے، ہو کر رہے گا۔ اس پر پریشان نہیں ہونا چاہیے۔ تاہم ریان ایئر کے عملے نے ہمارے ساتھ ایسا ہتک آمیز سلوک کیا کہ میری ماں کو ذہنی پریشانی کے سبب تین دل کے دورے پڑ گئے۔جب وہ ہوش میں آئی تو اس نے کہا کہ ’مجھے زندگی میں ایسی شرمندگی کبھی نہیں ہوئی جیسی ان لوگوں کی وجہ سے ہوئی۔“دوسری طرف ریان ایئر کے عملے کا کہنا تھا کہ ”ہم وہیل چیئر کو جہاز میں ایڈجسٹ نہیں کر سکتے تھے جس کے باعث اسے اندر لانے سے انکار کیا۔“