بدھ رہنماءدلائی لامہ نے تاریخ کا سب سے بڑا انکشاف کر دیا

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع اگست 08, 2018 | 17:42 شام

نئی دہلی (مانیٹرنگ رپورٹ) پاکستان اور بھارت کی تاریخ کے کئی پوشیدہ ابواب بھی ہیں جو منظرعام پر آ جائیں تو تاریخ کا دھارا بدل سکتے ہیں۔ اب بدھ مت کے روحانی پیشوا دلائی لامہ نے بھی پاک بھارت تاریخ کا سب سے بڑا انکشاف کر دیا ہے جس پر اعتبار کرنا یا نہ کرنا آپ پر منحصر ہے۔ بھارتی اخبار انڈین ایکسپریس کے مطابق دلائی لامہ نے دعویٰ کیا ہے کہ مہاتما گاندھی قائد اعظم محمد علی جناح کو ہندوستان کا وزیراعظم بنانا چاہتے تھے لیکن پنڈت جواہر لعل نہرو نے ان کی اس تجویز کی مخالف کر دی اور مہاتما گاندھی کی یہ

خواہش پوری نہ ہو سکی۔ دلائی لامہ نے یہ دعویٰ بھارتی شہر گووا کے ’گووا انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ‘ میں طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

دلائی لامہ کا مزید کہنا تھا کہ ”پنڈت جواہرلعل نہرو خود غرض شخص تھے۔ انہوں نے اس تجویز پر مہاتما گاندھی کو جواب دیا کہ ’میں خود وزیراعظم بننا چاہتا ہوں۔‘ اگر نہرو، مہاتما گاندھی کی تجویز مان لیتے اور قائداعظم محمد علی جناح کو ہندوستان کا وزیراعظم بنا دیا جاتا تو اس کا بٹوارہ نہ ہوتا۔“ انڈین ایکسپریس کے مطابق ایک طالب علم نے دلائی لامہ سے سوال کیا تھا کہ ”کوئی شخص پورے یقین کے ساتھ اپنے فیصلے کیسے کر سکتا ہے اور فیصلہ سازی میں کیسے غلطیوں سے بچ سکتا ہے؟“ اس طالب علم کو جواب دیتے ہوئے دلائی لامہ نے اس واقعے کا ذکر کیا اور پنڈت جواہر لعل نہرو کے فیصلے کو غلطی قرار دیتے ہوئے کہا کہ غلطی کسی سے بھی ہو سکتی ہے۔ ان سے بچا نہیں جا سکتا۔