دہلی میں یوم پاکستان کی تقریب میں مہمانوں کے ساتھ بھارتی ایجنسیوں کی بدتمیزی
تحریر: فضل حسین اعوان
| شائع مارچ 23, 2019 | 18:50 شام
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک): بھارتی خفیہ ادارے کے اہلکاروں نے نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن میں یوم پاکستان کی تقریب میں شرکت کرنے والے مہمانوں کے ساتھ بدتمیزی کی اور ہراساں کیا۔ یوم پاکستان پر ہمسایہ ملک بھارت کے دارالحکومت میں پاکستانی سفارتخانے میں تقریب کا اہتمام کیا گیا، ہائی کمشنر سہیل محمود نے قومی پرچم لہرایا ، قومی ترانہ پڑھا گیا اور کیک کاٹا گیا۔ تقریب میں مختلف ممالک کے سفیروں ، بھارتی کاروباری شخصیات اورحریت رہنماؤں نے شرکت کی، تاہم بھارتی حکومتی نمائندے تقریب میں شریک نہیں ہوئے
۔ تقریب کے اختتام کے بعد ہائی کمیشن کے باہر بھارتی خفیہ اداروں کے سادہ لباس میں ملبوس اہلکاروں نے شرکاء کو ڈرایا دھمکایا۔ تقریب میں شریک بھارتی تاجروں سے پوچھ گچھ کے نام پر ہراساں کیا گیا، بھارتی ایجنسی کے اہلکاروں کے نامناسب رویے پر تاجروں نے احتجاج بھی کیا۔ پاکستانی ہائی کمشنر نے بھارت کے غیر سفارتی اقدام کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے بھارت کو اوچھی حرکات سے باز رہنے کی تنبیہ کی ہے۔