عمران خان کی کامیابی کی بین الاقوامی میڈیا میں بھرپور کوریج

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع جولائی 27, 2018 | 07:07 صبح

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک): پاکستان میں ہونے والے عام انتخابات اوران کے نتائج کو بین الاقوامی میڈیا نے بھی بھرپورکوریج دی۔عالمی میڈیا میں تحریک انصاف کی انتخابات میں برتری کی خبریں نمایاں رہیں جن میں اپوزیشن جماعتوں کے اعتراضات کو بھی جگہ دی گئی۔ سی این این، بی بی سی، بھارتی میڈیا سمیت دیگر بین الاقومی ذرائع ابلاغ نے عمران خان کی وکٹری تقریر براہ راست دکھائی جس پربعدمیں تجزیے و تبصرے کیے گئے۔واشنگٹن پوسٹ نے لکھاکہ کرکٹ اسٹار عمران خان کو انتخابات میں برتری حاصل ہے۔ الجزیرہ میں بھی عمران

خان کی برتری کی سرخیاں لگائی گئیں اورلکھاکہ کرکٹر سے سیاستدان بننے والے عمران خان کی پارٹی کو برتری حاصل ہے جبکہ مخالفین نے دھاندلی کا الزام لگایا ہے۔

گارڈین نے لکھا کہ پاکستانی انتخابات میں دھاندلی کے دعوے کو الیکشن کمیشن نے ردکردیا۔ اسکائی نیوزنے بھی عمران خان کی برتری کی نیوز لگائی۔ نیویارک ٹائمز نے سرخی لگائی کہ سابق اسٹارکرکٹر عمران خان پاکستانی انتخابات کے ووٹوں کی گنتی میں آگے ہیں۔بی بی سی نے سرخی لگائی کہ سابق کپتان پاکستانی الیکشن میں سب سے آگے ہیں۔ سی این این نے لکھا کہ ابتدائی نتائج کے مطابق عمران خان کو الیکشن میں برتری حاصل ہے۔ بھارتی میڈیا نے لکھا کہ عمران خان اقتدارکے انتہائی قریب ہیں جبکہ مخالفین میں غصہ پایا جاتا ہے۔بھارتی میڈیا نے عمران خان کی کامیابی پر تنقید کرتے ہوئے انھیں بھارت کے لیے خطرناک قرار دیا ہے۔ بھارتی میڈیا نے الزام لگایاکہ پاکستان سرکاری طور پر دہشت گرد ریاست بننے جارہاہے۔