روس نے مودی کو اپنے سب سے اعلیٰ سول اعزاز سے نواز دیا

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع اپریل 12, 2019 | 18:26 شام

نئی دلی(مانیٹرنگ ڈیسک): روس نے بھارتی وزیر اعظم نریندرا مودی کو اپنے سب سے اعلیٰ سویلین اعزاز ’سینٹ اینڈریو‘ سے نواز دیا۔ بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق ماسکو حکومت نے بھارتی وزیراعظم نریندرا مودی کو روس سے مضبوط اور خوشگوار خارجہ تعلقات اور بے مثل معاشی شراکت داری پر اعلیٰ ترین سول ایوارڈ سینٹ اینڈریو عطا کیا ہے۔ بھارت میں موجود روسی سفارت خانے نے وزیراعظم مودی کو سب سے بڑے سول اعزاز سے نوازنے کے متعلق آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ وزیراعظم مودی کی پالیسیوں سے روس اور

  بھارت کے درمیان خارجہ تعلقات میں بہتری آئی اور دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تجارت میں بے پناہ اضافہ ہوا۔

بھارتی وزیراعظم نریندرا مودی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر روس کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ  دونوں ممالک کے درمیان دیرپا تعلقات سے دونوں ممالک کا مستقبل روشن ہے جس کے ثمرات عام شہریوں تک بھی پہنچیں گے۔

واضح رہے کہ جنگی جنون میں مبتلا بھارت اور روس کے درمیان دنیا کے سب سے بڑے میزائل سسٹم ایس-400 کی خریداری کے معاہدے پر دستخط کیے گئے تھے جس کے لیے روسی صدر نے بھارت کا دورہ بھی کیا تھا۔