چین تحریک انصاف کی حکومت کےساتھ مل کرکام کرنےکا خواہشمند

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع اگست 17, 2018 | 08:27 صبح

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) : چینی سفیر یاؤ جنگ کا کہنا ہے کہ چین پاکستان کی نئی حکومت کے ساتھ مل کر کام کرنے کا خواہشمند ہے۔تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چینی سفیر نے کہا کہ پاکستان کے عوام نے عمران خان پراعتماد کیا ہے۔چینی سفیر یاؤ جنگ کا کہنا تھا کہ چین پاکستان کی نئی حکومت کے ساتھ تمام شعبوں میں مکمل تعاون کرے گا۔صحافی کے سوال پرچینی سفیر نے امید ظاہر کی کہ پاکستان اور چین کے در

میان تعلقات مستقبل میں مزید مستحکم ہوں گے۔یاؤجنگ کا یہ بھی کہنا تھا کہ عمران خان متعدد بار اس امر کا اظہار کرچکے ہیں کہ پاکستان کرپشن اور غربت کے خاتمے، ماحولیاتی تحفظ اور سماجی ترقی سمیت دیگر شعبوں میں چین کے تجربات سے فائدہ اٹھانا چاہتا ہے۔چینی سفیر کا مزید کہنا تھا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری سے پاکستان کے تمام حصوں کو فائدہ پہنچے گا۔واضح رہے کہ عام انتخابات 2018 میں کامیابی کے بعد عمران خان نے قوم سے اپنے خطاب میں کہا تھا کہ وہ چین کے تجربات سے فائدہ اٹھائیں گے اور پاک چین اقتصادی راہداری کی تعمیر کو آگے بڑھائیں گے۔