تمام دس میونسپل کارپوریشنز میں نواز لیگ نے میدان مارلیا،فیصل آباد میں اپ سیٹ
تحریر: فضل حسین اعوان
| شائع دسمبر 22, 2016 | 12:33 شام
لاہور(مانیٹرنگ) پنجاب کی تمام دس میونسپل کارپوریشنز میں بھی نواز لیگ کے میئر منتخب ہو گئے۔ فیصل آباد میں شیر علی گروپ کو اپ سیٹ شکست کا سامنا رہا اور رانا ثناء اللہ گروپ نے میدان مار لیا۔ نجاب میں بلدیاتی الیکشن کے آخری مرحلے میں بھی شیر کی دھاڑ سنائی دی۔ نواز لیگ نے تمام دس میونسپل کارپوریشنز میں میدان مار لیا۔ اکثر شہروں میں ن لیگ کے امیدوار بلامقابلہ میئر منتخب ہوئے۔ فیصل آباد میونسپل کارپوریشن میں ن لیگ کے دو گروپوں کے درمیان دلچسپ مقابلہ ہوا۔ رانا ثناءاللہ گروپ کے رزاق ملک نے میدان مار لیا۔ شیر علی گروپ کو اپ سیٹ شکست ہوئی۔ راولپنڈی میں سردار نسیم، سیالکوٹ سے توحید اختر، گوجرانوالہ میں شیخ ثروت اکرام، گجرات سے حاجی ناصر محمود، سرگودھا میں ملک اسلم نوید، ساہیوال سے اسد بلوچ بلامقابلہ میئر بن گئے۔ ملتان میں ن لیگ کے نوید آرائیں نے میئرشپ کا مقابلہ جیت لیا۔ بہاولپور سے عقیل نجم ہاشمی نے میدان مار لیا۔ ڈی جی خان سے شاہد حمید چانڈیہ نے کامیابی سمیٹی۔ لاہور میں مسلم لیگ ن کے کرنل (ر) مبشر پہلے ہی میٹرو پولیٹن کارپوریشن کے بلا مقابلہ لارڈ میئر منتخب ہو چکے ہیں۔