دہشتگردی کیخلاف پاکستان کی قربانیاں تسلیم کرتے ہیں رواسال 55 کروڑ ڈالر دینگے:امریکہ

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع اپریل 13, 2017 | 06:54 صبح

واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی محکمہ دفاع نے کہا ہے کہ امریکا دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کو تسلیم کرتا ہے۔واشنگٹن میں امریکی محکمہ دفاع کے مطابق پاکستانی فوج کی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اہم قربانیوں کے اعتراف میں اس سال پاکستان کو55کروڑ ڈالردیئے جائیں گے ۔2016 کے نیشنل ڈیفنس اتھارائزیشن فنڈ کے تحت پاکستان کو کولیشن سپورٹ فنڈ سے 90کروڑ ڈالر فراہم کئے جانے ہیں ۔ محکمہ دفاع کا کہنا ہے کہ 35کروڑ ڈالر کی رقم امریکی وزیر دفاع کی جانب سے حقانی نیٹ ورک کے خلاف پاکستان کے اقدامات ک

ی تصدیق کے بعد جاری کئے جائیں گے۔ امریکی محکمہ دفاع کے ترجمان ایڈم سٹمپ کا کہنا تھا محکمہ پاکستانی فوج کی جانب سے دہشتگردی کے خلاف دی جانے والی قربانیوں کو تسلیم کرتا ہے اور پاکستان کی جانب سے افغانستان میں اتحادی فوجوں کیلئے سامان کی فراہمی میں مدد کو سراہتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا پاکستانی عوام نے گذشتہ 3 سالوں کے دوران انسداد دہشت گردی کیلئے لاتعداد قربانیاں دی ہیں۔امریکی عہدیدار کا کہنا تھا ہم شمالی وزیرستان اور وفاق کے زیر انتظام قبائلی علاقوں میں کہیں بھی پاکستانی آپریشن کی حوصلہ افزائی جاری رکھیں گے۔ پاکستان کی کوششوں کے باعث کچھ عسکریت پسند گروپ شمالی وزیرستان اور فاٹا کو دہشتگردی کیلئے محفوظ پناہ گاہ کے طور پر استعمال کرنے میں ناکام رہے ہیں۔انہوں نے نشاندہی کی یہ پاکستان کے مفاد میں ہے کہ وہ تمام عسکریت پسند گروپوں، خاص طور پر القاعدہ، تحریک طالبان پاکستان، افغان طالبان جس میں حقانی نیٹ ورک اور لشکر طیبہ بھی شامل ہیں کی تمام محفوط پناہ گاہیں ختم کردے تاکہ ان کی آپریشنل صلاحیتوں میں کم آسکے۔ترجمان کا مزید کہنا تھا ایسے دیگر عسکریت پسند گروپ امریکا اور پاکستان کے مفادات اور خطے کے استحکام کیلئے خطرہ ہیں۔