آخری ون ڈے ،پاکستان کی کلین سویپ پر نظریں ویسٹ انڈیز بلیک واش سے بچنے کی کوشش کریگا

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع اکتوبر 04, 2016 | 19:12 شام

آخری ون ڈے ،پاکستان کی کلین سویپ پر نظریں ویسٹ انڈیز بلیک واش سے بچنے کی کوشش کریگا ابوظہبی (سپورٹس ڈیسک)پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ون ڈے کرکٹ میچوں کی سیریز کا تیسرا اور آخری میچ آج بدھ کو ابوظہبی میں کھیلا جائے گا۔اگر پاکستانی ٹیم تیسرا ون ڈے بھی جیت گئی تو اس صورت میں وہ ایک روزہ میچوں کی عالمی رینکنگ میں نویں سے آٹھویں نمبر پر آ جائے گی۔پاکستان کو اس سیریز میں دو صفر کی برتری حاصل ہے۔ پاکستانی ٹیم کو تیسرے میچ میں فاسٹ بولر محمد عامر کی خدمات حاصل نہیں ہوں گی جو اپنی والدہ کی بیماری
کے سبب وطن واپس چلے گئے ہیں۔فاسٹ بولر وہاب ریاض کو ون ڈے انٹرنیشنل میں وکٹوں کی سنچری مکمل کرنے کے لیے دو وکٹیں درکار ہیں۔ وہ یہ سنگ میل عبور کرنے والے 19 ویں پاکستانی بولر بن سکتے ہیں۔پاکستان کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے تینوں میچوں میں شکست کے بعد ون ڈے سیریز میں بھی وائٹ واش کی تلوار ویسٹ انڈیز کے سر پر لٹک رہی ہے۔ویسٹ انڈیز کی اس دورے میں مایوس کن کارکردگی نے ظاہر کردیا ہے کہ وہ اپنے اندرونی اختلافات اور مسائل سے بری طرح پریشان ہے۔ دورے پر آنے سے قبل کپتان ڈیرن سیمی کو ٹیم سے ڈراپ کر دیا گیا تھا اور فل سمنز کو بھی کوچ کے عہدے سے ہٹا دیا گیا تھا۔بی بی سی کے مطابق ویسٹ انڈیز کی ٹیم سنہ 2008 کے بعد ابوظہبی میں پہلی بار ون ڈے میچ کھیل رہی ہے۔سنہ 2008 میں کھیلی گئی سیریز کے تینوں میچوں میں اسے شکست ہوئی تھی لیکن اس سیریز میں کرس گیل نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے دو سنچریاں سکور کی تھیں۔پاکستان نے ابوظہبی میں 29 ون ڈے انٹرنیشنل کھیلے ہیں جن میں اس نے 13 جیتے اور 16 میچوں میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔