پاکستانی تاجر ،آبدوزیں تیار کرنے والے ادارےکے افسر کی بیوی اور سونے کا کڑا ، انوکھے سکینڈل کا ڈراپ سین ہو گیا

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع نومبر 16, 2016 | 06:02 صبح

لاہور(ویب ڈیسک)جرمنی کے مشہور زمانہ صنعتی ادارے ’تھیسن کروپ‘ نے اپنے ایک اعلیٰ عہدیدار کو ان کے منصب سے فارغ کر دیا ہے۔ اس مینیجر نے اپنے بیوی کے لیے ایک پاکستانی تاجر سے سونے کا تحفہ قبول کیا تھا۔

جرمنی کے نامور ادارے تھیسن کروپ کی صنعتی ڈویژن ’انڈسٹریل سلوشنز‘ کے سربراہ ژینز میشائیل ویگمان مستعفی ہو گئے ہیں۔ جمعرات کو اس بین الاقوامی کمپنی نے ایک پریس ریلیز جاری کی ہے، جس میں  مستعفی ہونے والے مینیجر کا کہنا تھا، ’’میں ایک غلطی کا مرتکب ہوا ہوں اور مجھے اس پر نہایت شرمندگی ہے۔ نتیجے کے طور پر میں اپنا عہدہ چھوڑ رہا ہوں۔جاری ہونے والے بیان کے مطابق میشائیل ویگمان کا تجارتی ساتھیوں کے ساتھ طریقہ ء کار کمپنی کے معیارات کے مطابق نہیں تھا لہذا قانونی مسائل سے قطع نظر وہ اپنا عہدہ چھوڑ رہے ہیں۔کمپنی کے اس فیصلے سے پہلے جرمنی کے مشہور جریدے اشپیگل آن لائن نے یہ خبریں جاری کی تھیں کہ ژینز میشائیل ویگمان نے اپنی بیوی کے لیے ایک پاکستانی تاجر سے سونے کا کڑا بطور تحفہ قبول کیا ہے۔ اس کے بعد تھیسن کروپ کی طرف سے اندرونی سطح پر تفتیش کا سلسلہ شروع کر دیا گیا تھا۔میشائیل ویگمان کا عہدہ عارضی طور پر انڈسٹریل سلوشنز کے مالیاتی شعبے کے سربراہ کے سپرد کر دیا گیا ہے لیکن جلد ہی یہ عہدہ مستقل طور پر کسی دوسرے امیدوار کے حوالے کر دیا جائے گا۔میشائیل ویگمان ایک برس پہلے اس عہدے تک پہنچ پائے تھے اور انہوں نے اس شعبے میں ہونے والی اصلاحات میں بھرپور کردار ادا کیا تھا۔ تھیسن کروپ کا یہ شعبہ خاص طور پر بڑے صنعتی پلانٹس کے قیام اور آبدوزوں کی تیاری کا ذمہ دار ہے۔یاد رہے کہ چند برس پہلے حکومت پاکستان نے جرمنی کے اس ادارے سے آبدوزیں خریدنے کی خواہش کا اظہار کیا تھا اور اس حوالے سے دونوں حکومتوں کے مابین مذاکرات بھی ہوئے تھے۔ تاہم بعدازاں اس حوالے سے کوئی بھی بڑی خبر منظر عام پر نہیں آئی تھی۔تھیسن کروپ کا ہیڈکوارٹر جرمن صوبے نارتھ رائن ویسٹ فیلیا میں ہے اور دنیا بھر میں اس کی 670 کمپنیاں کام کر رہی ہیں۔