پانامہ کا فیصلہ ہو گیا تو پاکستان کا قرضہ اتر جائیگا

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع جنوری 08, 2017 | 18:31 شام

سلام آباد (شفق ڈیسک) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ ادھر ہی ہم نے دھرنے کا فیصلہ کیا تھا آج پاکستان بدل چکا ہے۔ پھر میں آپکے پاس آیا ہوں آپ کا شعور دیکھ کر مجھے پورا ایمان ہے کہ کوئی طاقت پاکستان کو عظیم طاقت بننے سے نہیں روک سکتی۔ بہاولپور میں جلسہ عام سے خطاب کرتے عمران خان نے جلسے کے شرکائسے پوچھا کیا آپ سمجھتے ہیں کہ نواز شریف پاکستان کا پیسہ چوری کر کے پانامہ کمپنی میں لے کر گیا ہے۔ مجمع نے کہا ہاں۔ عمران نے کہا کہ موٹو گینگ کی جھوٹ بول بول کر شکلیں بدل گئی ہیں ان کے ماں باپ

بھی انہیں نہیں پہچان سکتے۔ اللہ کا وعدہ ہے کہ وہ سچ سب کے سامنے لے کر آئیگا۔ دھرنے نے قوم میں شعور پیدا کیا۔ نواز شریف نے 30 سال میں ا تنی محنت سے کرپشن کی کہ وہ کرپشن میں اچھے ماہر ہو گئے۔ وہ یہاں سے پیسہ لے کر باہر گئے، بچوں کے نام پر کمپنیاں بنائیں۔ ہمیں دو سو سال بھی انکی کرپشن کمپنیوں کا پتہ نہیں چلنا تھا لیکن اوپر اللہ ہے۔ ان کی بدقسمتی کہ ایک ایماندار آدمی وہاں کام کرتا تھا۔ اس نے کمپنی کی ای میل چرا کر صحافیوں کو دے دی۔ اخبارات میں اوروں کے ساتھ نواز شریف اور ان کے بچوں کی تصویر چھپی۔ نواز شریف اور ان کے بچوں نے کبھی تسلیم نہیں کیا کہ مے فیئر فلیٹس ان کے تھے۔ انہوں نے کہا کہ میرے بڑے ذہین بچوں نے اربوں روپے بنائے حسن نواز 1999ء میں باہر پڑھ رہا تھا اور دو سال میں ارب پتی بن جاتا ہے۔ لندن کے فلیٹس کی قیمت 400 کروڑ روپے تھی۔ سارا کیس یہ ہے کہ نواز شریف نے مریم نواز کے نام پر پراپرٹی لی۔ نواز شریف کے پاس چوری کا پیسہ ہے۔ اس کیس میں اگر انصاف ملتا ہے تو پاکستان بدل جائے گا کسی کی پاکستان کا پیسہ چوری کرنے کی جرات نہیں ہو گی۔ پانامہ کیس پر پاکستان کے مستقبل کا فیصلہ ہونے جا رہا ہے۔ کیا یہ چھوٹا سا ٹولہ پیسہ لوٹتا رہے گا۔ غریب غریب ہوتا جائے گا امیر امیر۔ جب ایک قوم میں کرپشن ہوتی ہے تو عوام غریب ہو جاتی ہے۔ آٹھ سال سے پہلے ہر پاکستانی پر 39 ہزار قرضہ تھا اب ہر پاکستانی پر ایک لاکھ 20 ہزار روپے کا قرضہ چڑھ چکا ہے۔ اگر پیسہ ہی نہیں ہو گا تو صحت، ہسپتالوں، ٹرینوں کو چلانے کیلئے پیسہ کہاں سے آئے گا۔ جنوبی پنجاب کے لوگوں کا ویسے ہی مسئلہ بڑا شدید ہے۔ سارے پنجاب ڈویلپمنٹ کا 57 فیصد لاہور پر خرچ ہوتا ہے۔ مجھے خاص طور پر جنوبی پنجاب کے لوگوں پر افسوس ہے جنہیں کچھ نہیں ملا۔ انہیں ملتان میں میٹرو بن رہی ہے جس کی ضرورت ہے۔ جنوبی پنجاب کو صحت، تعلیم، کسانوں کو ٹیوب ویلوں کی ضرورت ہے۔ بجلی کی ضرورت ہے لیکن یہ نہیں ملے گا۔ بڑے بڑے لٹیروں کو جیلوں میں ڈالیں گے۔ کراچی میں مزدوری کرنیوالا محمد ندیم اپنے بچوں کو پرائیویٹ سکول پڑھا رہا تھا۔ اس کے دو بچے ٹرین حادثے میں جاں بحق ہو گئے اور ایک بچہ شدید زخمی ہے۔ جب تک غریبوں کے بچوں کو تعلیم نہیں دیں گے، روزگار نہیں دیں گے تو ان کا کوئی مستقبل نہیں۔ ہم نے عوام رابطہ مہم شروع کر رکھی ہے۔ ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ جو لوگ کہتے ہیں کہ نواز شریف نے کوئی غلط کام نہیں کیا ہے، پانامہ پاکستان کے لوگوں کا مسئلہ نہیں ہے، خواجہ آصف کیا یہ ہندوستان کے لوگوں کا مسئلہ ہے؟ میں نے سنا ہے کہ فضل الرحمٰن نواز شریف کے ایجنٹ بنے ہوئے ہیں۔ لوگوں کو اکٹھا کر رہے ہیں۔ فضل الرحمٰن سن لو آپ جو مرضی کر لو، جو سونامی آرہا ہے اس سے نہ آپ نواز شریف کو بچا سکیں گے نہ اپنے آپ کو بچا سکیں گے۔ ان کے بچوں کو کھاتے پیتے ہونے کی وجہ سے وزن کم کرنے کیلئے ٹرینر رکھنے پڑے ہیں جبکہ پاکستان کے 45 فیصد بچوں کو دو وقت کی روٹی میسر نہیں۔ کیا آپ نکلنے کیلئے تیار ہو؟ پاکستانی ٹیم اس لئے نہیں ہاری کہ پاکستان میں ٹیلنٹ نہیں ہے۔ اس پاکستان میں کرکٹ کا سٹرکچر نہیں ہے۔ تحریک انصاف کی حکومت آئے گی تو میں آپ کو کرکٹ اور سپورٹس کا نظام ٹھیک کرکے دوں گا۔ پھر کوئی پاکستان کو نہیں ہرا سکے گا۔ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا پانامہ کیس میں خود وکیل کی حیثیت سے پیش ہو رہا ہوں۔ حکومت نے 3 سال میں 9 ہزار ارب روپے کا قرض لیا۔ پانامہ کیس میں منگل کو اپنے دلائل دوں گا۔ قطری شہزادہ ہیلی کاپٹر کیس میں بھی آیا تھا۔ میں معافی مانگ کر باہر نہیں گیا۔ موجودہ دور حکومت میں غریب مر رہے ہیں۔ میں نے 7 سال پہلے جھوٹ بولنا چھوڑ دیا تھا۔ بہاولپور اور سرائیکی بیلٹ جیسی غربت دنیا میں نہیں۔ ہمارے بچے جعلی ادویات اور دودھ پینے سے مر جاتے ہیں۔ لاہور میں مائیں ٹھنڈی زمین پر تڑپ تڑپ کر جان دے رہی ہیں۔ پوری امید ہے پانامہ کیس وزیراعظم کو انجام تک پہنچائے گا۔ پوری کوشش کریں گے کہ انصاف مل جائے۔ خودکش سیاست دان ہوں، اپنا سیاسی تابوت کندھے پر لے کر چلتا ہوں۔ میں نے ساڑنے تین سال جیل کاٹی مگر معافی نہیں مانگی۔ عوام تیار رہیں عمران خان کی قیادت میں ایک اور دھرنا دیں گے۔ پی ٹی آئی کے رہنما جہانگیر ترین نے جلسہ سے خطاب میں کہا کہ نواز شریف کسان پیکیج جھوٹ تھا۔ عمران خان نے عوامی رابطہ مہم کا آغاز جنوبی پنجاب سے کیا۔ حکمرانوں کے پاس پیسے کہاں سے آئے کوئی ثبوت نہیں۔ کرپشن کے خاتمہ سے ملکی حالات بدل سکتے ہیں۔ بڑے بڑے لیٹروں کو پکڑے بغیر ملکی حالات تبدیل نہیں ہو سکتے۔ پی ٹی آئی کے رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا بہاولپور کے نوجوانوں نے تاریخ رقم کر دی۔ ہمیں امید ہے کہ سپریم کورٹ سے انصاف ملے گا۔ قانون کی کچہری نے بھٹو کو پھانسی لگایا، عورام نے بری کر دیا۔ پی ٹی آئی اپنا مقدمہ عوامی کچہری میں لے کر آئی۔ عمران خان نے طاقتور انسان کو کٹہرے میں کھڑا کر دیا ملک کا پیسہ لوٹنے ورالوں کو حساب دینا پڑے گا؟ ہمیں امید ہے سپریم کورٹ سے انصاف ملے گا۔ قانون کی کچہری نے بھٹو کو پھانسی لگایا۔ عوام نے بری کر دیا۔ کرپشن کے تابوت میں آخری کیل ٹھونکنے بہاولپور آئے ہیں۔ جنوبی پنجاب کی 163 سکیموں کا پیسہ لاہور منتقل کیا گیا۔ تحریک انصاف کے جلسے میں پھر بدنظمی دھکم پیل اور خاردار تاروں سے الجھ کر بچوں سمیت متعدد افراد زخمی ہو گئے۔ بہاولپور کے ہاکی سٹیڈیم میں تحریک انصاف کے جلسے کے دوران سٹیج سے اعلان کیا گیا کہ کارکن سٹیج کی طرف آئیں اور اگر کانٹوں پر بھی چل کر آنا پڑے تو جہاں تک آواز پہنچ رہی ہے لوگ جلسے میں شرکت کیلئے آئیں۔ سٹیج سے اعلان کرنیکی دیر تھی کہ جلسے میں موجود لوگ بے قابو ہو گئے اور رکاوٹوں کی پرواہ کئے بغیر آگے کی جانب بڑھنا شروع کر دیا جس کے باعث خاردار تاروں میں پھنس کر بچوں سمیت کئی افراد زخمی ہو گئے۔