امت مسلمہ ہر حال میں حرمین شریفین کی حفاظت جانتی ہے

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع جنوری 23, 2017 | 22:09 شام

اسلام آباد (شفق ڈیسک) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے پاک چائنہ فرینڈ شپ سینٹر اسلام آباد میں معتدل مکالمہ اور پیغام امن کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا میں آج امن اس لئے نہیں ہے کہ انصاف ناپید ہو چکا ہے۔ بڑی طاقتیں صرف اپنے مفادات سمیٹنے میں لگی ہوئی ہیں۔ مسلمانوں اور اسلام کے خلاف دہشتگردی کی جا رہی ہے اور المیہ یہ ہے کہ الٹا انہی کو دہشتگرد اور انتہا پسند قرار دیا جا رہا ہے۔ اسلام پر دہشتگردی مسلط کی گئی ہے، کانفرنس کا اہتمام وزارت مذہبی امور حکومت پاکستان، جمعیت اہلحدیث پاکستان اور رابطہ عالم اسلامی مکہ مکرمہ نے مشترکہ طور پر کیا تھا۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ دہشتگردی کا کوئی مذہب نہیں ہوتا۔ ہم ہر قسم کی دہشتگردی کی مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اسلام امن و آشتی کا دین ہے لیکن مغرب کی طرف اس کے خلاف غلط معاندانہ پروپیگنڈا کر کے اس کا چہرہ داغدار کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ انسانیت کا امن صرف اور صرف اسلامی نظام میں مضمر ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہم پر الزام لگانے والے دہشتگردی کو سپورٹ اور دہشتگردوں سے تعاون کرتے ہیں۔ سراج الحق نے کہاکہ عراق اور افغانستان کو کس جرم کی سزا دی گئی ان ممالک میں پچھلی دو دہائیوں سے شورش برپا ہے۔ لاکھوں لوگ لقمہ اجل بنا دیے گئے ہیں اور ابھی تک وہاں قتل و غارت گری کا سلسلہ جاری ہے۔ انہوں نے کہاکہ دنیا میں ڈیڑھ ارب مسلمان اور 56 اسلامی ریاستیں ہیں لیکن ان کے اندر اتحاد نہیں ہے۔ افسوس کی بات ہے کہ وہ ابھی تک مشترکہ نصاب تعلیم، مشترکہ دفاع اور مشترکہ منڈی نہیں بنا سکے۔ آج مسلم نوجوان مغرب کی آنکھ سے دیکھتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ تمام مسلم ممالک آپس میں اتحاد پیدا کریں اور مشترکہ نظام تعلیم، مشترکہ دفاع اور مشترکہ منڈی قائم کریں۔ انہوں نے کہاکہ مسلمان ممالک کو احساس کرنا چاہیے کہ آپس میں اتحاد نہ ہونے کی وجہ سے وہ مسائل سے دوچار ہیں۔ وہ اپنے دفاع کے لیے اپنے اندر اتحاد پیدا کریں۔ یہ اتحاد کسی کے خلاف نہیں بلکہ اسلام کے مفادات کے تحفظ کے لیے ہو گا۔ سینیٹر سراج الحق نے آرمی چیف قمر جاوید باجوہ کے بیان کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہاکہ حرمین شریفین کی حفاظت کرنا امت مسلمہ کا فرض ہے۔ ہم اس کی دل و جان سے حفاظت کریں گے۔ اسلام، عالم اسلام کے دفاع کے لیے 20 کروڑ پاکستانی سعودی عرب کے ساتھ ہیں۔