مریم ہماری باس نہیں بہن ہے

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع جنوری 23, 2017 | 22:25 شام

گوجرانوالہ (شفق ڈسیک)خواجہ سعد رفیق نے مخالفین کو کرارا جواب دے دیا، کہتے ہیں مشرف نے ملک کا ستیا ناس اور پچھلے والوں (پی پی پی) نے سوا ستیا ناس کیا، زرداری حکومت کو کراچی آپریشن ایک آنکھ نہیں بھایا، آصف زرداری بھٹو کیسے بن سکتا ہے، پاکستان کے اعلانیہ دشمن نواز شریف کیخلاف سازش ضرور کریں، مریم ہماری باس نہیں، چھوٹی بہن ہیں، یہ پیپلز پارٹی کی بادشاہت اور بنی گالا کا دربار نہیں۔ گوجرانوالہ میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق بولے کہ ن لیگ کے شیروں، شیرنیوں نے 2013

ء میں پاکستان کا اقتدار سنبھالا، اس وقت پرویز مشرف نے تو ستیاناس اور ان کے بعد آنیوالوں نے سوا ستیا ناس کیا ہوا تھا، سرمایہ کار اپنا پیسہ ملک سے باہر لے جارہے تھے، پاکستان کنگال کرکے ہمارے حوالے کیا گیا، ملک بھر میں افراتفری اور کراچی میں بدامنی کا راج تھا، نواز شریف نے آکر ملک کے خستہ حالات کو اپنے کاندھوں پر اٹھایا، ہم نے ساڑھے 3 سالوں میں ملک کی کایا پلٹ کر رکھ دی۔ وہ بولے کہ ہم نے باتیں کیں اور نہ ہی وقت ضائع کیا، وزیراعظم سے زیادہ بین الاقومی تعلقات کا تجربہ کسی کے پاس نہیں، ریلوے کا نظام تباہ ہوگیا تھا، نواز شریف کی قیادت میں اسے اٹھایا، زرداری حکومت کو کراچی آپریشن ایک آنکھ نہیں بھایا، ہم نے شہر قائد کو پھر سے روشنی کا شہر بنایا، دہشت گردوں کا نیٹ ورک ضرب عضب سے توڑا، آج اسٹاک ایکس چینج ترقی کی بلندیوں کو چھو رہی ہے، پاکستان کا انفرا اسٹرکچر بنانے کیلئے دن دیکھا نہ رات۔سعد رفیق کہتے ہیں کہ نواز شریف جھوٹے رب کے سامنے سر نہیں جھکاتا، پاکستان کے اعلانیہ دشمن نواز شریف کیخلاف سازش ضرور کریں، دشمن دشمنی نہیں کرے گا تو کیا کرے گا، ملک دشمنوں کا دل ٹھنڈا کرنیوالوں کے پیٹ میں درد اٹھتا ہے، مریم ہماری باس نہیں، چھوٹی بہن ہیں، یہ پیپلزپارٹی کی بادشاہت اور بنی گالا کا دربار نہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم وائٹ کالر لوگ ہیں، بڑے چھوٹے کا لحاظ کرتے ہیں، ہمیں عزت کرنی اور کروانی آتی ہے، گالم گلوچ کی سیاست ن لیگ کا وطیرہ نہیں، ملکی ترقی میں رکاوٹ ڈالنے والوں کی نیت اچھی طرح جانتے ہیں۔