پاکستان میں ایسا ڈرون تیار دنیا حیران

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع نومبر 23, 2016 | 14:56 شام

کراچی (شفق ڈیسک) پاکستان کیلئے پہلا ڈرون بنانیوالی کمپنی نے ایک اور جدید ترین ڈرون طیارہ تیار کر لیا ہے۔ پاکستان کیلئے براق نامی پہلا ڈرون تیار کرنیوالی پرائیویٹ پاکستانی کمپنی نے اب پہلے سے بھی جدید ڈرون ٹیکنالوجی متعارف کرا دی ہے۔ نیا ڈرون طیارہ فضاء میں 15 گھنٹے تک پرواز کر سکتا ہے جو ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی سمیت دیگر مقاصد کیلئے استعمال کیا جا سکتا ہے۔ 15 سے 20 سال کی ریسرچ کے بعد پایہ تکمیل کو پہنچنے والے اس منفرد طیارے کو کراچی کے علاقے کورنگی میں تیار کیا جائیگا۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر ر

اجہ صابری خان نے بتایا کہ ریموٹ کنٹرول سے آپریٹ ہونیوالے اس شاہکار ڈرون طیارے کو کراچی میں جاری دفاعی اسلحے کی بین الاقوامی نمائش آئیڈیاز 2016ء میں ڈسپلے کیلئے رکھا گیا ہے۔ طیارہ بغیر کسی وقفے کے 15 گھنٹوں تک پرواز کر سکتا ہے اور رات کے اوقات میں بھی پرواز کے قابل ہے جو اس کی منفرد خصوصیات میں سے ایک ہے جبکہ یہ خوبیاں اس قسم کے کسی دوسرے نظام میں موجود نہیں ہے۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ اس جدید ڈرون طیارے کی قیمت 4X4 کی جیپ کی مالیت سے زیادہ نہیں ہے۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر نے کہا کہ تیر نما شکل والا ڈرون طیارہ فضائی نگرانی میں ایک نیا اور انقلابی کانسپٹ ہے جس کے پر موڑ ے اور فولڈ بھی کئے جا سکتے ہیں جبکہ اسے کسی بھی مقام پر ایک گھنٹے کے دوران دوبارہ سے جوڑا بھی جا سکتا ہے اور 20 فٹ کے کنٹینر میں بھی پیک کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ان کی کمپنی اس قسم کا فوجی اور سویلین نگرانی کے نظام کو دنیا بھر میں برآمد کرتی ہے جن میں مغربی ممالک کی تعداد زیادہ ہے۔