حکومت نے 300 ارب روپے کے نئے قرضے لے لئے

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع نومبر 15, 2016 | 13:51 شام

کراچی (شفق ڈیسک) حکومت کی سرتوڑ کوششوں کے باوجود صرف تین ماہ میں مالیاتی خسارہ ایک سو دس ارب روپے تک پہنچ گیا، جولائی سے ستمبر کے دوران مالیاتی خسارہ جی ڈی پی کا ایک اعشاریہ تین فیصد رہا، ایک سو دس ارب روپے کے خسارے کو پورا کرنے کے لئے حکومت قرض کے دلدل میں مسلسل ڈوب رہی ہے۔ رواں مالی سال کے صرف تین ماہ کے دوران حکومت نے تین سو ارب روپے کے نئے قرض لئے۔ وزارت خزانہ کے مطابق مالی سال 2017ء کے ابتدائی تین ماہ میں دفاعی اخراجات تین فیصد اضافے سے ایک سو اکیان ارب روپے تک پہنچ گئے جبکہ اسی عرصے کے

دوران اندرونی اور بیرونی قرضوں اور سود کی ادائیگی کی مد میں چار سو چودہ ارب روپے جاری کیے گئے۔ معاشی تجزیہ کاروں کے مطابق حکومت کو ٹیکس نظام میں اصلاحات کی اشد ضرورت ہے کیونکہ محصولات میں اضافے سے حکومت کا انحصار قرضوں پر کم ہوجائے گا۔