یونیورسٹی سیمینار میں خطاب چیف آف آرمی سٹاف نے بلوچستان کو پاکستان کا دل قرار دیا

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع جنوری 05, 2017 | 13:46 شام

خضدار (شفق ڈیسک) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ بلوچستان اپنی جغرافیائی اہمیت کی وجہ سے سب کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے اور خطے کی اقتصادی ترقی میں اس کا کردار انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہی وجہ ہے کہ ہمارے دشمن بلوچستان میں بدامنی اور عدم استحکام پیدا کرنیکی کوششوں میں لگے ہوئے ہیں لیکن ہم نے ان کے سازشوں کو ناکام بنا دیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کیمطابق انہوں نے ان خیالات کا اظہار خضدار میں بلوچستان یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی

کے زیر اہتمام منعقدہ سیمنار سے خطاب کے دوران کیا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان سردار ثناء اللہ خان زہری اور کمانڈر سدرن کمانڈ جنرل عامر ریاض بھی موجود تھے۔ آرمی چیف کا مزید کہنا تھا کہ آج بلوچستان پہلے سے زیادہ مضبوط، مربوط اور بحالی کی راہ پر گامزن ہے، گوادر پورٹ، 870 کلو میٹر طویل سڑک کی تعمیر اور چائنا پاکستان اقتصادی راہداری(سی پیک) منصوبے کو عملی جامع پہنانا ہمارے قومی عزم کی دلیل ہے‘۔ ان کا کہنا تھا کہ وفاقی و صوبائی حکومت اور فوج ملک کر بلوچستان میں امن و استحکام کیلئے ہر ممکن کوششیں کر رہی ہے جس میں وہ کافی حد تک کامیاب ہوچکے ہیں۔ آرمی چیف نے خاص طور پر تقریب میں شریک نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’آپ پاکستان کا مستقبل ہیں، آپ کو پاکستان کو اس مقام تک پہچانے کی کوششوں کی قیادت کرنی ہے جس کا وہ حق دار ہے، لہٰذا چیلنجز کا سامنا کرنے کیلئے تیار ہو جائیں، موقعوں سے فائدہ اٹھائیں اور ہم سب کا سر فخر سے بلند کردیں۔ انہوں نے کہا کہ اقتصادی ترقی و خوشحالی کے لیے ہمیں پورے خطے کو ایک دوسرے سے جوڑنے کے اپنے وژن پر توجہ مرکوز رکھنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس مقصد کیلئے بلوچستان کے سٹریٹجک جغرافیائی محل وقوع اور وہاں موجود بے پناہ انسانی و قدرتی وسائل کو بہترین طریقے سے استعمال کرنا ہوگا اور یہ تب ہی ممکن ہوگا جب ہم اپنے اندرونی و بیرونی چینلجز سے موثر طریقے سے نمٹیں گے۔ انہوں نے کہا کہ داخلی طور پر ہماری اپنی خامیوں کو ہمارے دشمن استعمال کرتے ہیں اور ہمیں ترقی کی راہ سے ہٹانے کے لیے استعمال کرتے ہیں۔ آرمی چیف نے کہا کہ سی پیک کے تحت جاری ترقیاتی منصوبوں سے بلوچستان ہماری قومی ترقی کی کوششوں میں مرکزی مقام حاصل کرلے گا۔ اگر ہم اس وژن کو مکمل کرنے میں کامیاب ہوگئے تو نہ صرف چین اور وسطی ایشیا بلکہ افریقا اور دنیا کے دیگر معیشتوں کے ساتھ بھی منسلک ہوسکیں گے۔ آخر میں آرمی چیف نے کہا کہ بلوچستان پاکستان کا دل ہے، پاکستان کی ترقی بلوچستان کی ترقی و استحکام سے وابستہ ہے'۔ ان کا کہنا تھا کہ پاک فوج بلوچ عوام کو قومی دھارے میں لانے کے لیے اہم کردار ادا کررہی ہے، اس وقت فوج میں بلوچستان کے 20 ہزار جوان فرائض انجام دے رہے ہیں جن میں 603 افسران بھی شامل ہیں۔ انہوں نے بلوچستان میں نیشنل یونیورسٹی برائے سائنس و ٹیکنالوجی کے کیمپس کے قیام کا بھی اعلان کیا۔