یونس خان ٹیسٹ میچز میں سنچری بنانے والے واحد کھلاڑی

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع جنوری 05, 2017 | 13:57 شام

 

اسلام آباد (شفق ڈیسک) پاکستان کے تجربہ کار بلے باز یونس خان نے آسٹریلیا کے خلاف سڈنی میں کھیلے جا رہے ٹیسٹ میچ میں سنچری بنا کر نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا۔ سڈنی میں کھیلے جا رہے سیریز کے تیسرے اور آخری ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن یونس خان نے ناتھن لایون کو چوکا لگا کر کیریئر کی 34 ویں سنچری سکور کی جس کیساتھ ہی وہ دنیا کے ان تمام ملکوں میں سنچری بنانیوالے کھلاڑی بن گئے جہاں جہاں ٹیسٹ کرکٹ کھیلی گئی ہے۔ اب تک دنیا کے گیارہ ملکوں میں ٹیسٹ کرکٹ کھیلی گئی ہے جس میں ویسٹ انڈیز، ہندوستان،

جنوبی افریقہ، نیوزی لینڈ، آسٹریلیا، متحدہ عرب امارات، بنگلہ دیش، جنوبی افریقہ، انگلینڈ، زمبابوے اور پاکستان شامل ہیں۔ دنیا کے اور کسی بلے باز کو یہ مقام حاصل نہیں کہ وہ ان تمام گیارہ ملکوں میں سنچری بنا سکا ہو۔ اس سے قبل ہندوستان کے عظیم بلے باز راہول ڈراوڈ کو ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے والے تمام ملکوں میں سنچری بنانیکا ریکارڈ حاصل تھا لیکن وہ متحدہ امارات میں کرکٹ نہ کھیل سکے لہٰذا یونس نے منفرد عالمی ریکارڈ قائم کردیا۔ صرف یہی نہیں بلکہ یونس خان ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے والے تمام ملکوں کے خلاف بھی سنچری بنانے کا ریکارڈ رکھتے ہیں۔ یہ یونس خان کے کیریئر کی 34و یں سنچری تھی اور وہ سب سے زیادہ سنچریاں بنانے والے بلے بازوں کی فہرست میں چھٹے نمبر پر آ گئے ہیں۔