جنرل راحیل شریف کیلئے بڑی پیشکش
تحریر: فضل حسین اعوان
| شائع نومبر 22, 2016 | 15:02 شام
اسلام آباد (شفق ڈیسک) چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف کی جانب سے الوداعی ملاقاتیں شروع کرنے کے بعد نئے آرمی چیف کی تقرری کے بارے میں صورتحال واضح ہو گئی ہے۔ وزیراعظم محمد نواز شریف نے اس معاملہ پر مکمل ’’خاموشی‘‘ اختیار کئے رکھی۔ ذرائع کیمطابق وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان اور وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہبازشریف‘ جنرل راحیل شریف کی مدت ملازمت میں ایک سال کی توسیع دینا چاہتے تھے تاہم 21 نومبر تک سسپنس برقرار رہا۔ وزیراعظم آفس کی جانب سے جنرل راحیل شریف کی ریٹائرمنٹ کا اعلان نہیں ہوا بلکہ اس بارے میں آئی ایس پی آر نے قوم کو خبر دی۔ ذرائع کیمطابق جنرل راحیل شریف کیلئے سعودی عرب کے قائم کردہ 34 ملکی فوجی اتحاد کی سربراہی اور سعودی عرب کے ملٹری ایڈوائزر کی پیشکش موجود ہے۔ ذرائع کیمطابق وزیراعظم ہاؤس میں جنرل راحیل شریف کے اعزاز میں الوداعی تقریب منعقد کرنیکی تیاریاں شروع ہو گئی ہیں، اس سلسلے میں تاریخ کا ایک دو روز میں اعلان کردیا جائیگا۔