پاکستان کیلئے بڑی خوشخبری آ گئی

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع جنوری 06, 2017 | 19:11 شام

کراچی (شفق ڈیسک) سابق آرمی چیف جنرل (ر) راحیل شریف کو دہشت گردی کیخلاف 39 ممالک کے فوجی اتحاد کا سربراہ مقرر کردیا گیا۔ وزیر دفاع خواجہ آصف نے تصدیق کردی۔ وزیر دفاع خواجہ آصف نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے تصدیق کی ہے کہ سابق آرمی چیف جنرل (ر) راحیل شریف کو 39 اسلامی ممالک کے فوجی اتحاد کا سربراہ مقرر کردیا گیا ہے، اس حوالے سے معاہدے کو چند روز قبل حتمی شکل دی گئی تھی۔ وزیر دفاع کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ موجودہ ن لیگی حکومت کو اعتماد میں لینے کے بعد کیا گیا۔ ایسے کسی اسائنمنٹ یا تقرری کیلئے حکومت اور جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) کی باقاعدہ کلیئرنس کی ضرورت ہوتی ہے، سابق آرمی چیف کی تعیناتی کے معاہدے کو حتمی شکل دیئے جانے سے قبل تمام قانونی تقاضے پورے کئے گئے۔ خواجہ آصف نے مزید کہا کہ راحیل شریف کی تقرری کا معاملہ گزشتہ کچھ عرصے سے زیر غور تھا اور وزیر اعظم نواز شریف بھی اس حوالے سے مشاورت میں شامل تھے، اسلامی ممالک کا فوجی اتحاد اچھا قدم ہے، پوری مسلم اُمہ کو اس وقت مشکلات کا سامنا ہے، اس لئے تمام اسلامی ممالک کو اپنے اختلافات بالائے طاق رکھتے ہوئے اس اتحاد میں شامل ہونا چاہئے۔ واضح رہے کہ سعودی عرب دہشت گردی کیخلاف جنگ کیلئے اسلامی ممالک کا فوجی اتحاد بنانے کیلئے سرگرم تھا، تاہم پاکستان اس میں شمولیت سے متعلق تذبذب کا شکار تھا، تاہم ابہام دور ہونے کے بعد پاکستان نے اتحاد میں شمولیت کی تصدیق کر دی۔