عید میلاد النبیؐ ملک بھر میں مذہبی عقیدت اور جوش و خروش سے منایا جا رہا ہے

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع دسمبر 12, 2016 | 11:20 صبح

اسلام آباد (شفق ڈیسک) جشنِ عیدمیلاد النبی صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے حوالے سے کراچی، راولپنڈی، اسلام آباد، لاہور، کوئٹہ، فیصل آباد سمیت ملک کے مختلف شہروں میں جلوس نکالے جا رہے ہیں۔ شہر شہر چراغاں اور نعتیہ محافل کے انعقاد سے ایک پُرنورسماں بندھ گیا ہے۔ عاشقانِ رسول مذہبی یگانگت و اتحاد اور سرورِ کائنات کی مداح سرائی میں مشغول ہیں۔ شمع رسالت کے پروانے مختلف انداز سے بارگاہ اقدس میں عقیدت کے پھول نچھاور کر رہے ہیں، قریہ قریہ بستی بستی درود و سلام کی محافل کیساتھ جلوس بھی نکالے جارہے ہیں۔ شہر ش

ہر روشنیوں اور سبز رنگوں کی بہار ہے، عقیدت مند جگہ جگہ جلوس اور محافل کا انعقاد کر رہے ہیں۔ مختلف شہروں میں محافل میلاد منعقد کر کے نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کے ذریعے ہدیہ عقیدت پیش کیا جا رہا ہے اور درود و سلام کے پھول نچھاور کئے جا رہے ہیں۔ ملک بھر میں جشن عید میلاد النبی ﷺ جوش وخروش سے منایا جا رہا ہے۔ حضرت محمد مصطفیؐ کی آمد کا بے مثال جشن جاری ہے حُب رسول سے سرشار عاشقان رسول ملک کے مختلف شہروں میں نعتیہ محافل سجا رہے ہیں۔گلی گلی میں درود و سلام سے پیغمبر اسلام سے دلی عقیدت کا اظہا ر کیا جارہا ہے۔ عید میلاد النبیؐ کے موقع پر عمارتیں دلہن کی طرح سجائی گئی ہیں۔ اسلام آباد میں پارلیمنٹ اور سپریم کورٹ سمیت تمام سرکاری عمارتوں کو برقی قمقموں سے سجایا گیا۔رات گئے لاہور بھی روشنیوں میں نہا گیا، کراچی میں پرانی نمائش پر مسجد نبویؐ کا دلکش ماڈل شہریوں کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔ کوئٹہ اور پشاور میں بھی چراغاں کا اہتمام کیا گیا۔ ملک کے چھوٹے بڑے شہروں میں میلاد النبی کے جلوس برآمد ہو رہے ہیں۔ لاہور میں ریلوے اسٹیشن سے جلوس کا آغاز ہوگیا۔ راولپنڈی میں بھی جلوس رواں دواں ہے جبکہ پشاوراور کوئٹہ میں بھی چھوٹے بڑے جلوسوں کا سلسلہ جاری ہے۔ کراچی میں بھی 12 ربیع الاول کے موقع پر شہر کے مختلف مقامات پر جلوس نکالے جارہے ہیں۔کراچی میں درجن بھر بڑے جلوسوں کا مرکز ایم اے جناح روڈ ہے۔نذرو نیاز کے بھی خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔شہر میں خانہ کعبہ اور مسجد نبوی کے ماڈل بھی سجائے گئے ہیں جو بچوں اور بڑوں کی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔جشن عید میلاد النبیؐ کے موقع پرشہر میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ لاہور میں مختلف محافل کا انعقاد کیا گیا ہے۔شہرکی اہم شاہراہیں اور گلیاں سجا دی گئی ہیں۔لاہورمیں جشن عید میلاد النبیؐ کا مرکزی جلوس ریلویاسٹیشن سے برآمد ہو کر داتا دربار پہنچے گا۔ پشاور میں عید میلاد کا مرکزی جلوس میلاد چوک سے رات 8 بجے کے قریب برآمد ہو گا۔ پانچ بجے کے بعد اشرف روڈ، ہشت نگری، کریم پورہ، گھنٹہ گھر، چوک یادگار اور قصہ خوانی بازار سیل کردیئے جائیں گے۔ ٹریفک وارڈنز حکام نیشہریوں کو سرکلر روڈ، جی ٹی روڈ اور چرچ روڈ متبادل کے طور پر استعمال کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔ راولپنڈی میں بھی مختلف تقاریب کا اہتمام کیاگیا ہے۔ مساجد اور عمارات کو روشنیوں، برقی قمقموں سے سجایاگیا ہے۔ عید میلادالنبیؐ کے موقع پر نعتوں کے مقابلوں کیلئے سٹال سج چکے ہیں اور مختلف قسم کے پکوان بھی تیار کئے جارہے ہیں۔ ملک کے دیگر حصوں کی طرح عیدمیلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم کیسلسلے میں کوئٹہ کے مختلف علاقوں سے14 جلوس نکالے جارہے ہیں۔ مرکزی جلوس لیاقت بازار، جنکشن چوک، پرنس روڈ، مسجد روڈ اور شاہراہ اقبال سے ہوتا ہوا منان چوک پر اختتام پذیر ہوگا۔ شہر کے مختلف علاقوں میں سیکورٹی فورسز کی پیٹرولنگ بھی جاری ہے۔ اب تک شہر بھر میں چار سو سے زائد جلوس اور ریلیاں نکالی گئی۔ جلوس کے روٹس پر مختلف تنظیموں کے کیمپس اور سبیلیں لگائی گئی۔ انتظامیہ اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں نے 12ربیع الاول کے حوالے سے سخت حفاظتی انتظامات کئے ہوئے ہیں۔ مرکزی جلوس کی کلوز سرکٹ کیمروں سے نگرانی کی جا رہی ہے جلوس میں اسلحہ لیکر چلنے پر پابندی ہے۔ اونچی عمارتوں میں ماہر نشانہ باز تعینات ہیں جبکہ ٹریفک پولیس نے بھی جلوسوں کے حوالے سے ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کیلئے متبادل انتظامات کئے ہیں۔ ہسپتالوں میں بھی ایمرجنسی نافذ کی گئی ہے۔