چودھری نثار نے عرب شہزادوں کو بڑا تحفہ دے دیا

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع جنوری 04, 2017 | 17:03 شام

اسلام آباد (شفق ڈیسک) وزیرِ داخلہ چوہدری نثار علی خان نے سندھ حکومت کی جانب سے شکار کی غرض سے پاکستان آنیوالے غیر ملکی مہمانوں کے سلسلے میں حکومت کے طے شدہ قواعد و ضوابط پر عمل درآمد کرانے میں غفلت کا نوٹس لیا ہے اور کہا کہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ شاہی خاندانوں کیساتھ آنے والا غیر ملکی سٹاف پاکستانی ویزے کے حصول کیلئے مروجہ قواعد و ضوابط پر عمل کرے۔ وزارت داخلہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزارتِ داخلہ کو سکیورٹی اداروں کی جانب سے اطلاعات موصول ہوئیں تھیں کہ گذشتہ دنوں بھارت کی شہریت رکھنے والے چھ افراد ایڈوانس سٹاف کے طور پر بغیر کسی سکیورٹی کلیئرنس بدین ائیر بیس سندھ پہنچے اور وہاں سے ٹھٹھہ روانہ ہوئے جو کہ متعلقہ قواعد کی خلاف ورزی ہے۔ وزیر داخلہ نے سکیورٹی اداروں کی رپورٹس پر نوٹس لیتے ہوئے صوبائی حکومتوں کو ارسال کئے گئے مراسلے میں کہا ہے کہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ شاہی خاندانوں کیساتھ آنیوالا غیر ملکی سٹاف پاکستانی ویزے کے حصول کیلئے مروجہ قواعد و ضوابط پر عمل کرے۔ وزیرِداخلہ کے حکم پر وزارتِ داخلہ نے تمام صوبائی حکومتوں سمیت بیرون ملک پاکستانی سفارتخانوں کو شکار کیلئے مقرر کردہ قوانین پر سختی سے عمل درآمد کرانے کیلئے مراسلہ ارسال کر دیا، مراسلے میں کہا گیا ہے کہ غیر ملکی مہمانوں کے سٹاف کی آمدورفت غیر معروف ائیر پورٹس کی بجائے ملک کے بڑے ائیر پورٹس کے ذریعے یقینی بنائی جائے اور ایڈوانس سٹاف کی آمد کی اطلاع متعلقہ اداروں کو قبل از وقت دی جائے۔