ملک میں جاری تمام منصوبے مکمل کئے جائینگے

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع جنوری 16, 2017 | 07:33 صبح

لاہور (شفق ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا کہنا ہے کہ توانائی بحران سے نمٹنے کیلئے بجلی پیدا کرنے کے منصوبوں پر تیز رفتاری سے کام ہو رہا ہے اور ملک کی تر قی و خوشحالی کے منصوبوں کی تکمیل کیلئے آخری حد تک جائینگے۔ وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کا رکن صوبائی اسمبلی سمیع اللہ چوہدری اور بہاولپور کے میئر عقیل انجم سے ملاقات میں کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت عبادت سمجھ کر عوام کی بے لوث خدمت کر رہی ہے۔ حکومت کی ٹھوس معاشی پالیسیوں کے سبب قومی معیشت مستحکم ہوئی اور 2013ء کے مقابلے میں آج کا پاکستان زیادہ محفوظ اور ترقی یافتہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف کی قیادت میں بجلی کے منصوبوں کیلئے انتہائی محنت سے کام کیا گیا ہے اور وزیراعظم نواز شریف کی قیادت میں ہی پاکستان معاشی لحاظ سے مضبوط بنے گا۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ہمارا ہر قدم ملک کو روشن کرنیکی جانب اٹھ رہا ہے، توانائی بحران سے نمٹنے کیلئے بجلی پیدا کرنیکے منصوبوں پر انتہائی تیز رفتاری سے کام ہو رہا ہے اور ساہیوال میں 1320 میگاواٹ کا کول پاور پلانٹ رواں برس مقررہ مدت سے پہلے مکمل ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کے نئے منصوبے لگنے سے ملک میں معاشی سرگرمیاں بڑھیں گی اور سرمایہ کاری میں اضافے کے ساتھ روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سابق حکمرانوں کی غلط ترجیجات نے ملک و قوم کو مسائل سے دو چار کیا اور اپنے دور میں ملک کو اندھیروں میں دھکیلنے والے تیزی سے ہونیوالی ترقی نہیں دیکھ سکتے۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے احتجاجی سیاست کے ذریعے ملک کی ترقی کے سفر میں رکاوٹ بننے والوں کو یکسر مسترد کر دیا ہے۔ ترقیاتی منصوبوں کی مخالف منفی سیاسی قوتیں ملک کی ترقی کا راستہ نہیں روک سکتیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی کے منصوبوں کی تکمیل کیلئے آخری حد تک جائیں گے اورعوامی خدمت کا مشن جاری رہے گا۔