پاکستان میں گاڑیوں کیلئے نئی فیول پراڈکٹس متعارف کرادی گئیں

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع نومبر 06, 2016 | 17:51 شام

کراچی (شفق ڈیسک) پاکستان کی سب سے بڑی اور قومی آئل مارکیٹنگ کمپنی پاکستان سٹیٹ آئل نے اپنے صارفین کو بہتر خدمات کی فراہمی کیلئے اپنی کوششوں کو جاری رکھتے ہوئے بہتر معیار کی فیول پراڈکٹس Altron Premiumاور Altron X High Performance متعارف کرا دی ہیں۔ نئی مصنوعات کی رینج کی کراچی میں پاکستان سٹیٹ آئل کے فیول سٹیشنز پر فروخت شروع کر دی گئی ہے جبکہ ملک بھر میں یہ مصنوعات آئندہ تین سے چار روز میں دستیاب ہونگی جسکے لئے پی ایس او کے سینٹرل اور نارتھ ریجن کو نئی پراڈکٹس کی سپلائی شروع کر دی گئی ہے۔ پا

کستان سٹیٹ آئل نے ملک میں پہلی مرتبہ اعلیٰ معیار کے فیول RON کو متعارف کرانے کیلئے حکومت پاکستان اور وفاقی وزارت پیٹرول و قدرتی وسائل کے ویژن کو عملی جامہ پہنانے میں بنیادی کردار ادا کیا ہے۔ ہائی گریڈ RON فیول کا استعمال نہ صرف گاڑیوں کے انجن کی معیاد بڑھانے میں معاون ہوگا بلکہ اسکے استعمال سے انجن کی مرمت کی مد میں ہونیوالے اخراجات میں بھی کمی واقع ہوگی۔ انجن کی بہتر کارکردگی کی بدولت Altron Premium اور Altron X High Performance فیول کاربن کے کم اخراج کی وجہ سے ماحول کیلئے بھی سود مند ثابت ہوگا۔ متعارف کرائے جانیوالی نئی پراڈکٹ رینج کم ایندھن خرچ کرتے ہوئے زیادہ مسافت طے کرنے، انجن کی کارکردگی کو بہتر بنانے اور صارفین کیلئے گاڑی چلانے کے بہترین تجربے کا ذریعہ بنے گی۔ اس پیش رفت کے بارے میں اظہار خیال کرتے ہوئے پاکستان سٹیٹ آئل کے ایم ڈی شیخ عمران الحق نے کہا کہ ’’Altron Premium اور Altron X High Performance پر مشتمل نئی پراڈکٹ رینج متعارف کرانے کا مقصد پی ایس او کے لاکھوں صارفین کے کمپنی پر اعتماد کو مزید مستحکم بنانا ہے۔ نئی پراڈکٹ رینج پاکستان میں ایندھن کے معیار کو بین الاقوامی معیار سے ہم آہنگ بنانے میں اہم پیش رفت ہے۔ پاکستان سٹیٹ آئل کو اس بات پر فخر ہے کہ وہ پاکستان کی پہلی آئل مارکیٹنگ کمپنی ہے جو ملک میں اعلیٰ معیار کے ایندھن کو رائج کرنے میں قائدانہ کردار ادا کررہی ہے۔ ملک میں ایندھن کے معیار کی بہتری اور توانائی کی قومی طلب پوری کرنا پی ایس او کے مشن کے بنیادی مقاصد میں شامل ہے۔ پاکستان سٹیٹ آئل اپنے دونوں اعلیٰ مقاصد مستعدی کے ساتھ پورے کررہی ہے۔ پاکستان سٹیٹ آئل اس عزم کا اعادہ کرتی ہے کہ صارفین کے فائدے اور بہترین تجربے کیلئے عملی اقدامات کا سلسلہ اسی جذبے کیساتھ جاری رکھا جائیگا۔