فرانس کی کمپنی پاکستان میں سستی گاڑیاں تیار کرنے جا رہی ہے؟
تحریر: فضل حسین اعوان
| شائع نومبر 05, 2016 | 14:11 شام
اسلام آباد (شفق رپورٹ) دنیا کی معروف آٹو موبائل کمپنی رینالٹ کا پاکستان میں گاڑیاں تیار کرنیکا معاہدہ ہو گیا۔ تفصیل کیمطابق ’’رینالٹ‘‘ پاکستان میں معیاری چھوٹی گاڑیاں تیار کریگی۔ ابتدائی طور پر یہ کمپنی دس کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کرتے ہوئے کراچی میں گندھارا نسان موٹرز کے تیارہ کردہ پلانٹ میں ایک شفٹ میں چھ ہزار گاڑیاں تیار کریگی۔ فرانس کی ایک معروف گاڑی ساز کمپنی ’’رینالٹ‘‘ نے پاکستان میں سرمایہ کاری کا فیصلہ کیا ہے اور 2018ء سے وہ یہاں اس ساخت کی گاڑیاں کی تیاری شروع کریگی۔ پاکستان کے سرمایہ کاری بورڈ (بورڈ آف انویسٹمنٹ) کے سربراہ مفتاح اسماعیل کے حوالے سے شائع شدہ اطلاعات کیمطابق کمپنی نے گاڑیوں کی تیاری کی درخواست جمع کروائی تھی جس پر ضابطے کی کارروائی جاری ہے۔ یہ پہلا موقع ہو گا کہ کوئی یورپی کارساز کمپنی پاکستان میں کام شروع کرنے جا رہی ہے۔ معروف زمانہ رینالٹ کی ساختہ گاڑیوں ایس یو وی اور کاریں دونوں ہی شامل ہیں اور پاکستان میں بھی یہ دونوں ہی تیار کی جائیں گی۔رینالٹ اور نسان کمپنی میں پہلے ہی 17 سال سے اشتراک جاری ہے۔ فرنچ کمپنی رینالٹ کو گاڑیوں کی پیداوار کی مناسبت سے 2013ء میں دنیا کی گیارہویں بڑی کمپنی قرار دیا گیا تھا۔ رینالٹ کی پاکستان میں تیار کی جانے والی گاڑیاں سستی اور معیاری ہوں گی۔ توقع کی جا رہی ہے کہ ان گاڑیوں کی قیمت مارکیٹ میں موجود گاڑیوں کی قیمت سے قدرے کم ہو گی۔