انکشاف نہیں حقیقت کیا سردی آئے گی؟
تحریر: فضل حسین اعوان
| شائع اکتوبر 23, 2016 | 20:48 شام
کراچی (شفق ڈیسک) عالمی سطح پر 2016ء گرم ترین سال ہونیکا ریکارڈ قائم کریگا جس سے پاکستان بھی متاثر ہو گا، آئندہ 3 ماہ درجہ حرارت معمول سے ایک سے دو ڈگری زیادہ رہیگا۔ محکمہ موسمیات کیمطابق 2016ء گرم ترین سال رہیگا، دسمبر کے وسط تک بارشوں کا امکان انتہائی کم ہے سردیاں تاخیر سے آئینگی، گندم کے کاشتکار بھی متاثر ہونگے۔ موسم سرما اس سال تاخیر سے شروع ہو گا، اکتوبر سے دسمبر کے وسط تک بارشوں کے امکانات انتہائی کم ہیں، برف باری کا معمول بھی بری طرح متاثر ہو رہا ہے۔ ڈی جی محکمہ موسمیات ڈاکٹر غلام رسول نے کہا ہے کہ یہ گلوبل وارمنگ کا ٹرینڈ ہے جو ہیٹ کو سسٹم میں ایڈ کر رہا ہے، اگلے دو تین ماہ بارش کے اعتبار سے خشک ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ درجہ حرارت بھی ایک سے دو ڈگری زیادہ رہیگا، اس سال سردیاں تاخیر سے آئینگی، بارشوں کا معمول متاثر ہونے سے بارانی علاقوں کے کاشتکاروں کی مشکلات بڑھیں گی۔ جب بارشیں لیٹ آئینگی تو اس وقت تک گندم کی کاشت کا وقت گزر چکا ہو گا، اس سے نمٹنے کیلئے زمین سے پانی کھینچا جائیگا تو زیر زمین پانی مزید نیچے جائیگا، اس سلسلے کو بڑھنے دیا گیا تو آنیوالے دنوں میں پانی کی بری طرح کمی کا سامنا ہو گا۔ سرما کی بارشیں کب برسیں گی، سردی اپنے عروج پر کب ہو گی؟ ڈی جی میٹ کا کہنا ہے کہ 3 ماہ سے زیادہ کی پیشنگوئی ممکن نہیں، نومبر میں ہی کچھ اندازہ ہو پائے گا۔