ایسے لوگوں کے دلوں پر مہریں لگا دی گئی ہیں

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع جنوری 02, 2017 | 11:36 صبح

کراچی (شفق ڈیسک) منشیات کی سمگلنگ جیسے مکروہ دھندے میں ملوث جرائم پیشہ عناصر نے قرآن پاک کو بھی نہیں بخشا۔ موت کے سوداگر کراچی ائر پورٹ پر قرآن پاک میں ہیروئن چھپا کر سمگل کرنے کی کوشش میں گرفتار ہو گئے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل بھی دبئی کی عدالت نے قرآن پاک کے نسخوں‘ جائے نمازوں اور دیگر مذہبی ساز و سامان میں ہیروئن چھپا کر سمگل کرنیوالے پاکستانی کو 15 سال قید اور 2 لاکھ درہم جرمانے کی سزا سنا دی تھی۔ اماراتی اخبار گلف نیوز کیمطابق 30 سالہ پاکستانی کی شناخت ابتدائی طور پر ایم ٹی کے نام سے ہوئی ہے جو 24 کلوگرام ہیروئن پانچ مختلف بیگوں میں چھپا کر سمگل کرتے ہوئے پکڑا گیا۔ دبئی انٹرنیشنل ائرپورٹ حکام کا کہنا ہے کہ انہوں نے جب بیگ کھولے تو ان میں قرآن پاک کے نسخے‘ جائے نمازیں‘ دیگر مذہبی سازوسامان‘ خوراک اور منشیات برآمد ہوئی۔ واضح رہے متحدہ عرب امارات میں منشیات سمگلنگ کی سزا موت ہے تاہم بعض اوقات عمر قید کا بھی حکم سنایا جاتا ہے۔