حمیرا ارشد اور احمدبٹ میں صلح

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع اکتوبر 14, 2016 | 16:58 شام

لاہور (شفق ڈیسک) طویل عدالتی جنگ کے بعد اب پاکستان کی معروف گلوکارہ حمیرا ارشد اور انکے شوہر احمد بٹ کے درمیان صلح ہو گئی جسکے بعد احمد بٹ نے طلاق واپس لے لی۔ ایک نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے احمد بٹ نے بتایا کہ میں نے اپنے بیٹے کی خاطر حمیرا ارشد سے صلح کی ہے۔ اب ہم مل جل کر زندگی گزاریں گئے۔ خیال رہے کہ احمد بٹ نے رواں سال اپنی اہلیہ حمیرا ارشد کو گھریلو جھگڑوں کے بعد دو طلاقیں دے دی تھیں۔ انکا کہنا تھا کہ انہوں نے حمیرا ارشد کو پہلی طلاق رضا مندی سے دی تھی۔ تاہم اداکار نے میڈیا کے سامنے طلاق کی وجہ بتانے سے گریز کیا۔ احمد بٹ کیطرف سے حمیرا ارشد کو طلاق کا پہلا نوٹس اگست میں ملا جبکہ دوسرا نوٹس ستمبر میں ملا تھا۔ دونوں نے 2004ء میں پسند کی شادی کی تھی تاہم اس شادی سے حمیرا ارشد کی فیملی خوش نہ تھی مگر بیٹی کی ضد کے سامنے سب کو سر جھکانا پڑا۔ دونوں کا چھ سالہ بیٹا علی متقین بھی ہے۔ چند برسوں سے دونوں فنکاروں میں جائیداد کی وجہ سے شدید اختلافات چل رہے تھے۔ حمیرا ارشد نے خلع کا دعویٰ بھی دائر کر رکھا تھا۔ تاہم اب دونوں فنکاروں نے اپنے بیٹے کی خاطر ایک ساتھ زندگی گزارنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ دونوں فنکاروں کے اس فیصلے پر مداحوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے اور انکوسماجی رابطے پرمداح نیک خواہشات کا اظہار کر رہے ہیں۔