ملک بھر میں سردی کی شدید لہر

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع جنوری 10, 2017 | 19:14 شام

 

اسلام آباد (شفق ڈیسک) ملک بھر میں کڑاکے کی سردی جاری ہے، جو مزید بڑھنے والی ہے، پارہ مزید نیچے آنیوالا ہے، محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کردی ہے کہ اگلے دو روز کے دوران کراچی سمیت ملک کے ساحلی علاقوں میں رات کے وقت درجہ حرارت میں مزید کمی ہونے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج رات لاہور کا درجہ حرارت 0 اور اسلام آباد کا منفی 2تک گرنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے پشاور کا درجہ حرارت منفی 1،ایبٹ آباد منفی7،سوات منفی 5اور کوئٹہ منفی 4تک ہونے کی پیشگوئی کی ہے۔ ادھر کراچی میں کراچی کے لحاظ سے شدید سردی ہوگی جہاں پارہ آج رات 11ڈگری تک آنے کا امکان ہے۔ کہیں برف سے ڈھکے مناظر ہیں تو کہیں یخ بستہ ہوائیں، بالائی علاقے گلگت میں خوبصورت منظر پر ڈھکی برف نے یہاں کی خوبصورتی میں تو اضافہ کردیا ساتھ ساتھ ٹھٹھراتی سردی نے بھی ڈیرے ڈال لیے ہیں۔ پارہ اتنا گر گیاکہ لائنوں کا پانی جم گیا ہے، استور اور دیامر میں پانچ روز سے جاری برف باری کے بعد دھوپ نکل آئی ہے مگر بالائی علاقوں کی رابطہ سڑکیں بند ہیں۔ ملا کنڈ ڈویژن میں بارش اوربرف باری کیبعد موسم انتہائی سرد ہوگیاہے، کالام کا درجہ حرارت منفی 15، استور منفی 08 اور گلگت کا درجہ حرارت منفی 03 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔ بلوچستان کے بیشتر شہروں میں ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے سردی بڑھ گئی ہے، قلات کا درجہ حرارت منفی 10 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ سندھ اور پنجاب کے شہروں میں بھی شہری سردی میں گرماگرم مچھلی اور مزیدار چکن سوپ پی کرموسم سے لطف اندوز ہورہے ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق پہاڑی علاقوں میں شدید برف باری کے بعد ملک کے بیشتر علاقوں میں سردی کی لہر مزید 2 سے 3 روز جاری رہنے کا امکان ہے۔