نئے آرمی چیف اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کا اعلان نومبرکے آخری ہفتے
تحریر: فضل حسین اعوان
| شائع نومبر 11, 2016 | 16:10 شام
اسلام آباد (شفق ڈیسک) نئے آرمی چیف اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کے ناموں کا اعلان نومبرکے آخری ہفتے کیا جائیگا اور27 نومبر دونوں اعلیٰ فوجی عہدیداروں کی ریٹائرمنٹ کی تاریخ ہے۔ ذرائع کیمطابق وزیراعظم نوازشریف ان معاملات پر فیصلوں کو خفیہ رکھ رہے ہیں اور شاید ہی کسی کو علم ہوکہ ان اہم ترین تعیناتیوں سے متعلق ان کاحتمی فیصلہ کیا ہے۔ ان تعیناتیوں نے پاکستان کے سول ملٹری تعلقات کے تناظر میں کافی اہمیت اختیار کر لی ہے۔ واضح رہے کہ 25 نومبر کو چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل راشد محمود کی صدر ممنون حسین سے الوداعی ملاقات طے ہے۔ ان اہم ترین عہدوں کیلئے کافی عرصے سے جن 4 جرنیلوں کے نام زیر گردش ہیں۔ ان میں لیفٹیننٹ جنرل زبیر محمود حیات (چیف آف جنرل سٹاف) لیفٹیننٹ جنرل اشفاق ندیم (کور کمانڈر ملتان)، لیفٹیننٹ جنرل جاوید اقبال رمدے (کور کمانڈر بہاولپور) اور لیفٹیننٹ جنرل قمر جاوید باجوہ (آئی جی ٹریننگ اینڈ اویلیوایشن) شامل ہیں۔