درگاہ شاہ نورانیؒ میں دہشت گردی میں این ڈی ایس اور را ملوث

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع نومبر 12, 2016 | 21:01 شام

گوادر (شفق ڈیسک) بلوچستان میں دہشتگردی کا واقعہ ہونے کے حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ درگاہ شاہ نورانیؒ میں دہشت گردی میں این ڈی ایس اور را ملوث ہیں۔ افغانستان سے دہشت گرد بلوچستان بھیجے جانے کا الرٹ کچھ عرصہ قبل جاری کیا گیا تھا۔ تفصیلات کیمطابق تجارتی جہاز کی گوادر سے روانگی سے چند گھنٹے قبل بلوچستان کے علاقے حب میں درگاہ شاہ نورانیؒ کے احاطے میں دہشتگردی کے واقعے میں اب تک کی اطلاعات کے مطابق باون افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔ اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ واقعے میں افغان خفیہ ایجنسی این ڈی ایس اور بھارتی را ملوث ہیں، ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ وفاق کی جانب سے افغانستان سے دہشت گرد بلوچستان بھیجے جانے کا الرٹ پانچ نومبر کو جاری کیا گیا تھا کہ دہشت گرد قلعہ عبداللہ کے راستے داخل ہوئے ہیں۔ یہ بلوچستان میں سال کی تیسری بڑی دہشت گردی ہے اس کے علاوہ ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ سی پیک کے افتتاح کے موقع پربھارت بلوچستان میں بدامنی چاہتا تھا۔