موٹروے پر خاتون سے زیادتی، فنکار ملزمان کو کیا سزا دینے کا مطالبہ کر رہے ہیں؟ تفصیل جانئے اس خبر میں

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع ستمبر 10, 2020 | 19:06 شام

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک): شوبز فنکاروں نے لاہور موٹروے پر خاتون کے ساتھ اجتماعی زیادتی کرنے والے ملزمان کو سرِ عام پھانسی دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ لاہور موٹر وے پر گزشتہ روز گوجرانوالہ کی رہائشی ثنا نامی خاتون کے ساتھ افسوس ناک واقعہ اس وقت رو نما ہوا جب لاہور موٹر وے پر اُن کی گاڑی کا پیٹرول ختم ہو گیا۔ اس دوران ملزمان نے موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے خاتون کو زدوکوب کیا اور گاڑی کے شیشے توڑ کر انہیں گن پوائنٹ پر کھیتوں میں لے جا کر زیادتی کا نشانہ بنایا۔

انسانیت سوز واقعے کی خبر جنگل کی آگ کی طرح پھیلی تو ہر جانب سے ملزمان کی گرفتار کے لیے آوازیں اٹھنے لگیں۔ دکھ کی اس گھڑی میں شوبز فنکاروں نے بھی خاتون سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے ملزمان کو سرعام پھانسی دینے کا مطالبہ کردیا۔

اداکار فیروز خان نے اپنی ٹویٹ میں وزیر اعظم عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ میں ہمیشہ آپ کے بیان کی تائید کرتا رہوں گا کہ پاکستان ضرور ریاستِ مدینہ بنے گا لیکن اگر آپ بچوں اور خواتین کے ساتھ زیادتی اور بچوں کا قتل کرنے والے ملزمان کو سرعام پھانسی نہیں دیں گے تو کبھی بھی کچھ نہیں بدلے گا۔ اس ضمن میں آپ کو دوسروں کے لیے ایک مثال قائم کرنی ہوگی اور یہی میرا مطالبہ ہے۔

اعجاز اسلم نے پی ٹی آئی کی حکومت سے مطالبہ کیا کہ آپ کو ان ملزمان کو سرِ عام پھانسی دے کر مثال قائم کرنی ہوگی۔

گلوکار عاصم اظہر نے اپنی ٹویٹ میں ’’زیادتی کرنے والوں کو سرِ عام پانسی دو‘‘ کا ہیش ٹیگ استعمال کرتے ہوئے اپنا موقف پیش کیا۔

ٹیلی ویژن میزبان رابعہ انعم نے اس ظلم پر آواز اُٹھاتے ہوئے زیادتی کے مرتکب افراد کو سرِ عام پھانسی پر لٹکانے کا کہا۔

اداکارہ صنم بلوچ نے ثناء بُچا کی ٹویٹ کو ری ٹویٹ کرتے ہوئے سرِ عام پھانسی کا ہیش ٹیگ بھی استعمال کیا۔ ثنا بچا کے ٹویٹ میں لکھا تھا کہ ’’واقعے کے بعد موٹروے حکام اپنی حدود کا تعین کرتے رہے اور اس دوران حوا کی بیٹی کی عزت کی حدود پار کی گئی اور ملزمان تو انسانیت کی حدود سے ہی گزر گئے‘‘۔