پاکستانی نے سعودی خاندان کو موت کے منہ میں جانے سے بچا لیا

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع مارچ 15, 2017 | 12:30 شام

 

ریاض(مانیٹرنگ)سعودی عرب میں مقیم پاکستانی شہریوں کی جانب سے انسان دوست کارناموں کے واقعات وقتا فوقتا سامنے آتے رہتے ہیں۔ اسی سلسلے کی تازہ ترین کڑی میں پاکستانی شہری محمد یحیی منصور نے دلیرانہ کارروائی کرتے ہوئے اپنی جان پر کھیل کر ایک سعودی خاندان کو بچا لیا۔ مذکور خاندان کی گاڑی میں ٹریفک حادثے کے بعد آگ بھڑک اٹھی تھی۔

سعودی عرب کے مشرقی صوبے کے گورنر شہزادہ سعود بن نایف نے پاکستانی شہری کی شجاعت کو سراہتے ہوئے اپنے دفتر میں دعوت دے کر اُسے اعزاز و تکریم سے

نوازا۔

تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کے شہر دمام میں ملازمت کے سلسلے میں مقیم پاکستانی شہری محمد یحیی نے بتایا کہ اُس نے سڑک پر ایک گاڑی کو سڑک سے اُتر کر کسی چیز سے ٹکراتے ہوئے دیکھا۔ اس پر یحیی فوری طور پر گاڑی کی طرف دوڑ پڑا تاکہ اس میں موجود افراد کی جان بچائی جا سکے۔

یحیی کے مطابق اُس نے گاڑی کے اندر سوار تمام افراد کو باہر نکالا اور ان کو ابتدائی ہنگامی امداد فراہم کی اور ساتھ ہی سکیورٹی اداروں کے ساتھ بھی رابطے میں رہا۔ یحیی نے جب دیکھا کہ گاڑی میں سے بہت زیادہ دُھواں نکل رہا ہے تو اُس نے اپنے پانی کے ٹینکر سے پانی لے کر آگ بجھانے کی کوشش کی اور آگ کو سڑک پر موجود گاڑیوں کی ایک بڑی تعداد کی جانب جانے سے روک دیا۔

مشرقی صوبے کے گورنر شہزادہ سعود بن نایف نے پاکستانی شہری کی جانب سے قیمتی جانوں کو بچا لینے اور سکیورٹی حکام کے ساتھ رابطے میں رہنے پر اُسے خراج تحسین پیش کیا۔ گورنر نے مقیم پاکستانی شہری کو یادگاری ہدیہ پیش کیا اور رواں برس اُس کو اپنے اخراجات پر حج کے فریضے کی ادائیگی کے لیے بھیجنے کا اعلان کیا۔

یاد رہے کہ مشرقی صوبے میں پانی کی فراہمی کی خدمات کے ڈائریکٹر جنرل انجینئر عامر بن علی المطیری نے گزشتہ ہفتے محمد یحیی کا اعزاز و اکرام کرتے ہوئے اُسے یادگاری شیلڈ اور مالی انعام پیش کیا اور یحیی سمیت 3 افراد کے لیے عمرے کے سفر کا انتظام کرنے کا اعلان کیا۔محمد یحیی منصور سعودی عرب کے شہر دمّام میں پانی کے ٹینکر کے ڈرائیور کے طور پر کام کرتا ہے۔