حامد خان نہ بابر اعوان پانامہ کیس کون لڑے گا ،عمران خان نے غیر متوقع اعلان کردیا

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع نومبر 22, 2016 | 13:48 شام

اسلام آباد(مانیٹرنگ)

 

پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ پاناما کیس میں 4 رکنی وکلا ٹیم کو شامل کررہے ہیں جس کی قیادت نعیم بخاری کریں گے۔

 

بنی گالہ میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ حامد خان میڈیا کے دباؤ پر کیس سے الگ ہوئے ہیں وہ تحریک انصاف کےساتھ 30 سال سے تھے اور رہیں گے تاہم پاناما پر اب 4 رکنی وکلا ٹیم کو کیس میں شامل کررہے جس کی قیادت ن

عیم بخاری کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاناما کیس میں سب کچھ مشاورت سے ہوگا، لندن میں ثبوت ڈھونڈنے نہیں بچوں سے ملنے گیا تھا، میری صرف بیٹوں سے ملاقات ہوئی اور ان کے پاس پاناما کیس کے شواہد نہیں۔

قطری شہزادے کے خط کے حوالے سے چیرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ قطری شہزادے کے خط پر بہت سے سوالیہ نشان اٹھ رہے ہیں، نوازشریف کو3 تقریروں میں قطری شہزادہ یاد نہیں آیا، عدالت میں جواب دینے کا وقت آیا تو قطری شہزادہ چھلانگ مارکر آگیا۔ عمران خان نے کہا کہ یہ کوئی میرا ذاتی کیس نہیں ہے، پاکستان کی تاریخ میں کبھی کسی طاقتور کو عدالت نے نہیں پکڑا اس لیے جو لوگ احتساب سے ڈررہے ہیں وہ سب نوازشریف کے ساتھ کھڑے ہیں اور احتساب سے بچنے کے لیے لوگ نوازشریف کی مدد کے بہانے ڈھونڈ رہے ہیں۔