پاناما کیس : بی بی سی کے 5 سوالات 20 کروڑ پاکستانی عوام کی توجہ کا مرکز بن گئے

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع دسمبر 11, 2016 | 07:04 صبح

اسلام آباد(ویب ڈیسک) سپریم کورٹ منیں پاناما کیس کی سماعت، نئے چیف جسٹس کی تقرری اور   مقدمے کی کاروائی میں تعطل  کے حوالے سے بی بی سی نے ایک شاندار تجزیہ پیش کیا ہے ۔

پاناما لیکس کے مقدمے میں پاکستان کی سپریم کورٹ میں جمعے کے روز ہونے والی سماعت کے بعد جو فیصلہ دیا گیا اُس سے یہ تو واضح ہو گیا ہے کہ اب اِس کیس کی سماعت ایک نیا بینچ کرئے گا جو کہ نئے چیف جسٹس کے حلف اُٹھانے کے بعد تشکیل دیا جائے گا لیکن اِس سلسلے میں چند نکات سمجھنے کی ضرورت ہے۔

'پارٹ ہرڈ' سے عدالت کی کیا مرادہے؟

کیا اِس کیس کی سماعت ازسرِ نو ہوگی؟

کیا نیا بینچ یہ فیصلہ بھی کر سکتا ہے کہ کیس یہیں سے آگے بڑھایا جائے؟

کیا ضروری ہے کہ نیا چیف جسٹس خود بھی نئے بینچ میں شامل ہو؟

کیا موجودہ بینچ تعطیلات موخر یا ملتوی کر کے اِس مقدمے کا فیصلہ کر سکتا تھا؟

جسٹس ریٹائرڈ وجیہ الدین احمد نے بی بی سی کو بتایا کہ 'پارٹ ہرڈ' کا ترجمہ 'سنا ہوا کیس' نہ سمجھا جائے درست ہے اور اِس کا مطلب یہ ہے کہ اب یہ مقدمہ سپریم کورٹ کے کسی بھی بینچ کے سامنے رکھا جا سکتا ہے چاہے اُس میں موجودہ بینچ کے ممبران ہوں یا نہ ہوں۔

اُنھوں نے بتایا کہ دلائل اور اُن پر بحث تو دوبارہ سے ہوگی کیونکہ ہو سکتا ہے کہ نئے بینچ میں ججز نئے ہوں اور اُنھوں نے یہ کیس پہلے نہ سنا ہو، 'یہ بھی ہو سکتا ہے کہ بینچ میں ججز کی تعداد بڑھا دی جائے یا پھر فل کورٹ ہو جائے'

جسٹس ریٹائرڈ وجیہ الدین احمد نے بتایا کہ عدالت یہ فیصلہ بھی کر سکتی ہے کہ مقدمے کو یہیں سے آگے بڑھایا جائے اور ازسرِ نو سماعت نہ کی جائے لیکن اِس کے لیے تمام ججوں اور درخواستگزاروں کی مرضی شامل ہونی چاہئے۔ اُن کے مطابق جنوری میں بنایے جانے والے نئے بینچ میں چیف جسٹس کی شمولیت کی ضرورت نہیں بلکہ اُنہیں بینچ میں شامل ہونے سے واضح وجوہات کی بنا پر اجتناب کرنا چاہئے۔

اُن کے مطابق اِس مقدمے کی سماعت خاصی لمبی ہوئی اور اُس کے دوران جن ججز کو کراچی جا کر سماعت کرنی تھی وہ مقدمے کی سنگینی اور وقت کو مدِ نظر رکھتے ہوئے ملتوی کر سکتے تھے۔ اِس کے علاوہ تعطیلات بھی ملتوی کی جا سکتی تھیں۔

مقدمے کی سماعت کے بعد سپریم کورٹ کے احاطے میں میڈیا کے کیمروں کے سامنے ایسا ماحول تھا جیسے دونوں فریق ایک دوسرے کو کورٹ کے باہر پچھاڑنا چاہ رہے ہوں۔

اپنی شعلہ بیانی کی وجہ سے مشہور حکمراں جماعت کے رہنما طلال چوہدری سماعت کے بعد خوب گرجے ' آپ تو کہتے تھے کمیشن نہیں بنے گا تو لاک ڈاؤن کروں گا، کمیشن بنے گا تو میں بائیکاٹ کروں گا، خان صاحب کیا کہہ رہے ہیں آپ'۔

اِس کے جواب میں اُسی جگہ میڈیا کے نمائندوں کے سامنے عمران خان نے بھی کوئی کسر نہ چھوڑی اور بولے ' اِن کو پچھلے آٹھ مہینے میں اتنی قلابازیاں کھوائی ہیں نواز شریف نے، یہ پہلے کہتے تھے ہمارے پاس سب ثبوت ہیں ہم پیش کریں گے اور عدالت میں وکیل آکر کہتا ہے کہ کوئی کاغذ نہیں ہے'۔( انتخاب :شیر سلطان ملک)