سپریم کورٹ نے پاناما کیس پرکمیشن کے لئے رائے طلب کرلی

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع دسمبر 07, 2016 | 13:38 شام

 

اسلام آباد(مانیٹرنگ)پاناما لیکس کیس کی سماعت شروع ہوئی تو جسٹس عظمت سعید نے وزیراعظم کے وکیل سلمان اسلم بٹ سے استفسار کیا کہ مریم نواز کا زیر کفالت ہونے کا معاملہ حل نہیں ہوا۔ انکےاخراجات کیسے پورے ہوتے ہیں۔ مریم نواز کی قابل ٹیکس آمدن صفر ہے۔ سلمان اسلم بٹ نے کہا بیٹیوں کو تحفے دینے سے وہ زیر کفالت نہیں ہوجاتیں۔ جسٹس اعجاز الاحسن کا کہنا تھا کہ مریم نوازکا ذریعہ آمدن زراعت والد اور بھائیوں سے تحفے لینا ہے۔ جسٹس آصف سعید کھوسہ نے کہا کہ ثبوت اور شواہد ریکارڈ کرانا ہمارا کام نہیں دستاویزات کا جائزہ لینے کیلئے کمیشن بنانا پڑے گا۔ جسٹس عظمت سعید نے دلائل دیئے کہ تحریک انصاف کا موقف ہے کہ کمپنی کا ٹرسٹی باقائدہ ٹیکس ادا کرے۔ سلمان بٹ نے کہا کہ آف شور کمپنی کا ٹیکس نہیں دینا پڑتا۔ اگر ٹیکس اداکرنا ہوتا تو پھر یہ آف شور کمپنیاں ہی نہ ہوتیں۔ جسٹس عظمت سعید نے ریمارکس دیئے کہ آپ وزیر اعظم کے دفاع کے لئے بہت خطرناک دلائل دے رہے ہیں۔ چیف جسٹس نے کہا کہ ٹیکس بچانے کے لئے کمپنیا ں دستاویزات لے آتی ہیں۔ جسٹس اعجاز الاحسن نے استفسار کیا کہ الثانی خاندان کے ساتھ جو بھی معاملات طے ہوئے اس کے دستاویزات ہیں۔ سلمان بٹ کا کہنا تھا کہ قطری خاندان کے ساتھ معاملہ کیسے شروع اور طے ہوا معلوم نہیں۔ جسٹس آصف سعید کھوسہ نے استفسار کیا کہ عوام کے سامنے کیوں کہا گیا ہے تمام ریکارڈ موجود ہے سامنے لائیں گے۔ جسٹس امیر ہانی مسلم نے کہا کہ آپ وزیر اعظم کی تقاریر کو سیاسی قرار دے رہے ہیں سلمان بٹ نے کہا کہ جو ریکارڈ تھا وہ پیش کردیا۔ وزیراعظم نے جو کہا سچ کہا۔ جسٹس آصف سعید کھوسہ نے کہا کہ نواز شریف ہمارے بھی وزیر اعظم اور قابل احترام ہیں لیکن پانامہ کیس میں ان کو جواب دینا ہوگا۔ جسٹس امیر ہانی مسلم نے کہا کہ عدالت میں دلائل کم اور میڈیا میں دلائل زیادہ دیئے جاتے ہیں۔ جسٹس عظمت سعید نے کہا کہ فریقین کو اپنے جمع شدہ دستاویزات درست ثابت کرنا ہو گا۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ ان دستاویزی شواہد کو تسلیم نہیں کیا جاسکتا۔ عدالت عظمیٰ کی جانب سے کمیشن کی تشکیل کےمعاملے پر تحریک انصاف نے مہلت مانگ لی جس پر کیس کی سماعت نودسمبر تک ملتوی کردی گئی۔