عمران خان نے پانامہ لیکس پر ثبوتوں کے صندوق عدالت میں جمع کرادیے

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع نومبر 14, 2016 | 08:50 صبح

 اسلام آباد(مانیٹرنگ)

پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان نے پاناما لیکس سے متعلق دستاویزات اور شواہد سپریم کورٹ میں جمع کرادیے ہیں۔

عمران خان کے وکیل نعیم بخاری نے پاناما لیکس میں وزیر اعظم نواز شریف اور ان کے گھر والوں کے اثاثوں سے متعلق دستاویزات اور شواہد سپریم کورٹ رجسٹرار آفس میں جمع کرادیئے ہیں، جمع کرائے دستاویزات اور شواہد 686 صفحات پر مشتمل ہیں جنہیں 5 بند ڈبوں میں جمع کرایا گیا ہے۔ ان دستاویزات میں شریف خاندان کے بینک اکاؤنٹس اور قرضہ جات کی تفصیلات سمیت اہم شواہد شامل ہیں۔

دستاویزات میں کہا گیا ہےکہ نوازشریف جب پہلی مرتبہ پنجاب کے وزیر خزانہ بنے تو ان کی صرف ایک فیکٹری تھی لیکن وزیر خزانہ کا قلمدان سنبھالنے کے بعد ان کے پنجاب میں انڈسٹریل یونٹس تیزی سے بڑھے اور صوبائی وزیر خزانہ ہوتے ہوئے نوازشریف کی فیکٹریوں کی تعداد 20 ہوگئی۔

دوسری جانب سپریم کورٹ میں منگل کو مسلم لیگ (ن) کے رہنما حنیف عباسی کی جانب سے عمران خان اور جہانگیر ترین کی آف شور کمپنیوں کے خلاف درخواست کی سماعت ہوگی جس کے لئے تحریک انصاف کے چیئرمین نے حامد خان کو اپنا وکیل مقرر کردیا ہے۔