پاناما لیکس کے بعد بی بی سی لیکس : ان سب لٹیروں کو پکڑ لو ، بالاخر بڑی خبر آگئی
تحریر: فضل حسین اعوان
| شائع جنوری 15, 2017 | 05:10 صبح
لاہور (ویب ڈیسک) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ حکمران خاندان کی آف شور کمپنیوں کے حوالے سے بی بی سی کی رپورٹ اور ہمارے وکلا کے دلائل کے بعد بات دو اور دو چار کی طرح واضح ہو گئی ہے ۔ کرپشن کا ہاتھی سامنے کھڑا ہے ۔ سپریم کورٹ کو مزید ثبوت چاہئیں تو اسی ہاتھی کا الٹرا ساﺅنڈ اور سی ٹی سکین کر لے ۔ امید ہے کہ پھر کسی ثبوت کی ضرورت نہیں رہے گی ۔ سپریم کورٹ خود تسلم کرتی ہے کہ ملک میں انتہا کی کرپشن ہے تو یہ کرپشن جنات نہیں کرتے ایوانوں میں موجود لٹیروں کا ٹولہ باغ اجاڑ رہاہے ۔ سپریم کورٹ ان کو پکڑلے تو دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے گا ۔ ہم چاہتے ہیںکہ سب کا احتساب ہو مگر اپوزیشن کی کچھ جماعتیں یہ نہیں چاہتیں کہ ان کو احتساب کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے ۔
ان خیالات کااظہار انہوں نے منصورہ میں جاری مرکزی تربیت گاہ کے شرکاءسے خطا ب اور بعد ازاں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ وزیراعظم کے خاندان نے آف شور کمپنیاں رکھنے کا اعتراف کیا ہے لیکن یہ نہیں بتایا کہ اتنی دولت کہاں سے آئی ۔ سپریم کورٹ نے قرار دیا ہے کہ ملکیت کا بار ثبوت وزیراعظم پر ہے اب وزیراعظم کو یہ ثبوت عدالت کو دینا پڑیں گے اور اگر وزیراعظم اور ان کاخاندان اپنی دولت کے مکمل دستاویزات کے ساتھ ثبوت دینے میں ناکام رہتاہے تو اس کا واضح مطلب ہو گاکہ یہ دولت لوٹ کھسوٹ کی ہے ۔انہوں نے کہاکہ اب عدالت کا امتحان ہے کہ وہ لٹیروں سے قوم کی لوٹی ہوئی دولت کس طرح نکلواتی ہے اور قوم نے اس سے جو امیدیں باندھ رکھی ہیں انہیں کس طرح پورا کرتی ہے ۔ انہوں نے ایک بار پھر عدلیہ پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ ہمیں یقین ہے کہ ملک سے کرپشن کے خاتمہ کے لیے عدلیہ تاریخی کردار ادا کر ے گی اور کسی لٹیرے کو بچ نکلنے کا موقع نہیں دے گی