پی ٹی آئی اور عوامی تحریک کے مابین الفاظ کی جنگ تیز ہوگئی

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع نومبر 03, 2016 | 17:47 شام

اسلام آباد(مانیٹرنگ)خرم نواز گنڈا پور جنہوں نے میڈیا کے سامنے قابل اعتراض ہی نہیں غلیظ زبان بھی استعمال  اور الٹا کہتے ہیں نعیم الحق معافی مانگیں، ہم وزیر اعظم کو خاطر میں نہیں لاتے تو عمران خان کی کیا حیثیت ہے، پرویز خٹک مشکل وقت میں دم دبا کر ایسے بھاگے کہ خیبر پختونخوا جا کر پناہ لی۔ نعیم الحق کہتے ہیں "مولوی" طاہر القادری سے شکایت کریں گے، وہ گنڈا پور کو تعلیم بالغاں کے لئے کینیڈا بلا لیں۔

دنیا نیوز کے مطابق روسٹرم کی لڑائی ہاتھا پائی میں تبدیل ہونے لگی تھی۔ ا

گر شیخ رشید اور اعجاز چودھری بیچ بچاؤ نہ کراتے تو بات زیادہ بھی بگڑ سکتی تھی۔ دنیا نیوز سے گفتگو میں خرم نواز گنڈا پور نعیم الحق پر برس پڑے، عمران خان کو بھی کھری کھری سنا دیں۔ یہی نہیں، خرم نواز نے ایک قدم اور آگے بڑھتے ہوئے تحریک انصاف پر کسی موقع پر تعلق کا بھرم نہ رکھنے کا الزام بھی لگا دیا۔ عوامی تحریک کے رہنماء نے پرویز خٹک کو بھی آڑے ہاتھوں لیا۔ خرم نواز گنڈا پور کا کہنا ہے کہ نعیم الحق معافی مانگیں، عمران خان ایکشن لیں ورنہ اپنا فیصلہ کرینگے۔ انہوں نے تو یہ بھی کہہ ڈالا کہ عمران خان نے توجہ نہ دی تو اپنے راستے کا تعین کریں گے، تحریک انصاف کو ہم سے تعلق کی کوئی پروا نہیں۔

دوسری جانب، عوامی تحریک نے ترجمان پی ٹی آئی نعیم الحق کو عہدے سے ہٹانے کا مطالبہ کیا ہے۔ ترجمان عوامی تحریک نے کہا ہے کہ نعیم الحق اگر گنڈا پور کو نہیں جانتے تو انہیں عہدے پر رہنے کا حق نہیں۔ ترجمان عوامی تحریک نے یہ بھی کہا کہ نعیم الحق کے پاس انفارمیشن نہیں تو کسی اہل شخص کیلئے عہدہ خالی کریں۔ عوامی تحریک نے تحریک انصاف کی مرکزی قیادت سے نعیم الحق کے رویئے کی شکایت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ادھر نعیم الحق غصے میں ڈاکٹر طاہر القادری کو "مولوی" کہتے رہے۔ مزید کہا کہ ڈاکٹر صاحب گنڈا پور کو تعلیم دینے کے لئے کینیڈا بلا لیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ گنڈا پور نے گالیاں دیں، قیادت کو بھی برا بھلا کہا۔

یہی نہیں، جب یہ طوفان کچھ تھم گیا تو عمران خان میڈیا سے گفتگو کرنے باہر آئے لیکن اسے حسن اتفاق ہی کہیں کہ اُن کا پاؤں جہانگیر ترین کے پاؤں پر آ گیا۔ جہانگیر ترین پیچارے پہلے ہی کشیدہ ماحول سے پریشان تھے، لہٰذا اپنی تکلیف کا کسی سے گلہ نہ کر سکے اور خاموشی ہی کو عافیت جان کر مسکراتے رہے۔

سیاسی ماحول میں سیاسی بیانات تو جمہوریت کا حسن ہیں لیکن نازیبا گفتگو ماحول کو مزید کشیدہ کر دیتی ہے۔ حکومت کو اپوزیشن کی باہمی نااتفاقی کا فائدہ بھی ہو سکتا ہے۔

ذرائع کے مطابق، ترجمان تحریک انصاف نعیم الحق اور عوامی تحریک کے رہنماء خرم گنڈا پور کے تنازعے پر چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے سخت ناپسندیدگی کا اظہار کیا ہے۔ تحریک انصاف نے ڈاکٹر طاہر القادری سے باضابطہ شکایت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ شکایت کرنے کا فیصلہ عمران خان کی زیرصدارت اجلاس میں کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق، تحریک انصاف کے رہنماؤں نے واقعے پر پارٹی چیئرمین عمران خان کو بریفنگ دی۔ رہنماؤں کا کہنا تھا کہ خرم نواز گنڈاپور نے معمولی سی بات کو دو جماعتوں کا مسئلہ بنا دیا اور اب دونوں جماعتوں میں تعلقات کشیدہ ہونے کا اندیشہ ہے۔

دوسری جانب، نعیم الحق اور خرم نواز گنڈا پور کی لڑائی میں رانا ثناءاللہ بھی کود پڑے، کہتے ہیں نعیم الحق کا رویہ غلط تھا، تحریک انصاف والے اپنے آپ کو سپر سمجھتے ہیں۔