خان صاحب :احتجاج کو کسی اور وقت پر اٹھا رکھیں، پرویز رشید نے اپیل کر ڈالی

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع اکتوبر 08, 2016 | 15:06 شام

اسلام آباد(ویب ڈیسک)حساس صورتحال کے پیش نظر حکومت نے عمران خان سے اپیل کی ہے کہ وہ احتجاج کو کسی اور وقت کیلئے اٹھا رکھیں، وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید کہتے ہیں ملک کی حساس صورتحال احتجاج کی متحمل نہیں ہو سکتی۔میڈیا رپورٹ کے مطابق پرویز رشید نے کہا کہ 2018 تک عمران خان کو ہماری حکومت کا تختہ الٹنے کے مواقع ملتے رہیں گے، خدارا کشمیر کاز اور بھارت کے جارحانہ طرز عمل کے خلاف قومی اتحاد پر اثر انداز نہ ہوں۔ پرویز رشید نے مزید کہا کہ کشمیر کاز پر پارلیمنٹ کی قرارداد عالمی محاذ گرم کرنے میں بنیادی
کردار ادا کرے گی۔ان کا کہنا تھا کہ ہر وقت جنگی جنون کو خود پر سوار رکھنا سیاسی قیادت کے شایان شان نہیں، قومی مفادات پر سیاسی مفاد کو ترجیح دینے کے اقدام کو قوم اچھا نہیں سمجھتی۔سنیٹر پرویز رشید نے یہ بھی کہا کہ ہم ملکی مفاد کے خلاف کام کرنے والے ہر کل بھوشن پر نظر رکھے ہوئے ہیں، حکومت کے جرات مندانہ کردار سے بھارت پر بوکھلاہٹ طاری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی کو پاک سر زمین پر میلی نظر نہیں ڈالنے دیں گے۔