پٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں 1، 1 روپیہ فی لٹر اضافے کا اعلان

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع مارچ 31, 2017 | 19:59 شام

 لاہور(مانیٹرنگ)حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات میں ردوبدل کا فیصلہ کرتے ہوئے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں ایک ایک روپے فی لیٹر اضافہ کیا ہی جبکہ مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل کی قیمتیں برقراررہیں گی, حکومت اپریل کے مہینے میں پیٹرولیم مصنوعات پر 3 ارب روپے کی سبسڈی دے گی۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے دبئی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل کی قیمتیں بدستور 44 روپے فی لیٹر برقرار رہیں گی حالانکہ اوگرا نے مٹی کے تیل میں 13 روپے 76 پیسے اور لائٹ ڈیزل کی قیمت میں پونے 8 روپے کا اضافہ تجویز کیا تھا۔ ان دونوں آئٹمز کی قیمتوں میں وزیراعظم اور حکومت نے اضافہ نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ اوگرا نے پیٹرول کی قیمت میں 2 روپے 28 پیسے اور ڈیزل میں 2 روپے 4 پیسے اضافہ تجویز کیا تھا مگر وزیراعظم کی ہدایت کے مطابق فیصلہ کیا گیا کہ دونوں میں صرف ایک ایک روپے کا اضافہ کیا گیا ہے۔ وزارت خزانہ کو اس مد میں اپریل کے مہینے کے لئے تقریباً 3 ارب روپے کا بوجھ برداشت کرنا پڑے گا۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ ہم نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 6 ماہ تک کوئی اضافہ نہیں کیا تھا اور 3 ماہ میں جزوی طور پر اضافہ کر رہے ہیں۔ اس مد میں ہمیں مجموعی طور پر 100 بلین کے قریب بوجھ برداشت کرنا پڑ رہا ہے۔ اضافے کے ساتھ پیٹرول کی نئی قیمت 73 روپے سے بڑھ کر 74 روپے جبکہ ڈیزل کی قیمت 82 روپے سے بڑھ کر 83 روپے فی لیٹر ہو جائے گی جبکہ مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل کی قیمت بدستور 44 روپے فی لیٹر ہی رہیں گی۔