پی آئی اے نے مرنے والوں کے لواحقین سے لاشوں کی شناخت کیلئے مدد مانگ لی
تحریر: فضل حسین اعوان
| شائع دسمبر 13, 2016 | 17:33 شام
اسلام آباد(مانیٹرنگ) پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن نے 7 دسمبر کے طیارہ حادثہ میں جاں بحق مسافروں کے لواحقین سے اپیل کی ہے کہ وہ ایسی اشیاء کے بارے میں معلومات دیں جو مسافر آخری پرواز کے وقت استعمال کررہے تھے تاکہ باقی میتوں کی شناخت کا عمل جلد مکمل کیا جاسکے۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق اس حادثے میں جاں بحق ہونیوالے افراد کی میتوں کی شناخت کیلئے مسافروں کے دانتوں کے علاج اور ایکسرے، لباس کے رنگ، جیولری یا زیبائش کی اشیاء معاون ہوسکتے ہیں، اور ان سے میتوں کی جلد شناخت میں مدد مل سکتی ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ ڈی این اے کے ساتھ ساتھ اوڈونٹولوجی کے ذریعے بھی شناخت کا عمل جاری ہے، لواحقین اس حوالے سے کوئی بھی معلومات یا اشیاء بھجوانے کیلئے پی آئی اے کو ای میل کرسکتے ہیں۔