جلسے میں خاتون سے بدتمیزی کا واقعہ جیو کا خود ساختہ تھا۔پی ٹی آئی نے ایکشن کیلئے پیمرا کو خط لکھ کر آزمائش میں ڈال دیا

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع اکتوبر 04, 2016 | 18:32 شام

اسلام آباد(مانیٹرنگ) پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے چیئرمین پیمرا کو خط لکھا گیا ہے کہ جیو نیوز نے رائے ونڈ جلسے کی غلط رپورٹنگ کی ، خط میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ ادارے کے خلاف سنسنی پھیلانے اور عوام کو گمراہ کرنے پر فوری کارروائی کی جائے۔ پاکستان تحریک انصاف نے 30 ستمبر کو رائے ونڈ میں ہونے والے جلسے میں کسی خاتون سے بدتمیزی کے واقعے کی غلط خبر نشر کرنے پر جیو نیوز کے خلاف چیئرمین پیمرا ابصار عالم کو خط لکھ دیا ہے۔خط میں کہا گیا ہے کہ غلط رپورٹنگ کی وجہ سے پارٹی کی ساکھ متاثر ہوئی، جیو نیوز کے خلاف کارروائی کی جائے۔خط میں مزید کہا گیا کہ جیو نے اپنی رپورٹ میں پی ٹی آئی کے جلسے میں حقائق کے بر عکس خواتین سے بد تمیزی کے واقعہ کا ذکر کیا جس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں،جلسے کے دوران بارہا کلپ چلایا جا رہا تھا کہ کسی خاتون کے ساتھ کارکنان نے بد تمیزی کی ہے، جس خاتون کا ذکر کرتے ہوئے جیو نے کلپ چلایا اسی خاتون کا کہنا ہے کہ میرے ساتھ کوئی بد تمیزی نہیں ہوئی۔مزید کہا گیا ہے کہ جیو نے غیر ذمہ دارانہ رپورٹنگ کی اور نہ ہی اس حوالے سے جیو نے معاملے کی تصدیق کے لیے پی ٹی آئی سے کوئی رابطہ نہیں کیا،جس سے پارٹی کی ساکھ کو نقصان پہنچا ہے لہٰذا جیو نیوز کے خلاف جو بھی قانونی کارروائی ہے وہ عمل میں لائی جائے۔مذکورہ خط پی ٹی آئی کے میڈیا آفیسر کی جانب سے چیئرمین پیمرا ابصار عالم کو لکھا گیا ہے۔