پاکستان میں لوٹ کا مال واپس لانے کے لیے نیا طریقہ وی آر رائج کر دیا گیا، تفصیلات اس خبر میں
تحریر: فضل حسین اعوان
| شائع جنوری 17, 2017 | 06:18 صبح
سکھر (ویب ڈیسک) چیئرمین نیب قمرالزماں چودھری نے کہا ہے کہ لوٹا ہوا مال واپس کرنے کا بہترین طریقہ پلی بارگین ہے، جس کا استعمال ہمیشہ عدلیہ کی منظوری سے ہوا ہے اور چیئرمین نیب کے تقرر کا اختیار مقننہ کے پاس ہے۔
ان خیالات کااظہار انہوں نے سکھر ریجن آفس کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ دورے کے موقع پر پولیس کی جانب سے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ اس موقع پر چودھری قمر زمان کاکہنا تھا کہ پلی بارگین کا نام تبدیل کرکے وی آر رکھا گیا ہے، اس عمل سے قومی خزانے کو فائدہ ہوگا۔ کرپشن کیسز میں ملوث ملزمان اگر جیل چلے جائیں اور نقصان پورا نہ ہو تو کیا فائدہ؟ ڈبل شاہ کیس میں نیب نے 4 ارب کا نقصان پورا کرکے متاثرین میں تقسیم کیا ہے۔ اسی طرح دنیا بھر کے قوانین میں پلی بارگین کے قوانین موجود ہیں اور اسی طرح عوام کے نقصان کو رضا کارانہ واپسی سے پورا کیا جاسکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا نیب نے قانون کے مطابق کام کرنا ہے جو قانون کہتا ہے نیب وہ کرے گا۔ نیب سندھ میں صوبائی حکومت کے مکمل تعاون کے ساتھ کام کر رہی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ نیب سکھر آفس نے 2 سال میں اچھی کارکردگی دکھائی ہے لیکن ابھی کرپشن کے خلاف نیب کو مزید کام کرنے کی ضرورت ہے۔