پاکستان کی طاقتور ترین عورت کون ہے؟ عورتوں کے حوالے سے سال کی سب سے بڑی خبر آگئی
تحریر: فضل حسین اعوان
| شائع نومبر 10, 2016 | 08:13 صبح
لاہور (ویب ڈیسک) پاکستانی خواتین کو انتہائی محنتی سمجھا جاتا ہے مگر پاکستان میں ان کی صحت کا معیار کچھ زیادہ بہتر نہیں اس لیے عام طور پر انہیں کمزور ہی تصور کیا جاتا ہے ۔ مگر پاکستان ہی کی ایک بیٹی اور ایک ماں نے پاکستان کی خوبصورت ترین طاقتور عورت ہونے کا دعویٰ کیا ہے ۔ حیران کن بات یہ ہے کہ یہ عورت ایک ڈیڑھ سالہ بچے کی ماں بھی ہے۔
جیو ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق صائمہ منظور نہ صرف قومی ویٹ لفٹنگ چیمپیئن ہیں بلکہ ایک گھریلو خاتون اور چار سالہ بچے کی ماں ہوتے ہوئے اپنی خانگی ذمہ داریوں کو بھی احسن طریقے سے انجام دے رہی ہیں۔ جب ان سے سوال کیا گیا کہ وہ گھریلو زندگی کی مصروفیات کے ساتھ ویٹ لفٹنگ جیسے مشکل کھیل کی چیمپیئن کیسے بن گئیں تو انہوں نے مسکراتے ہوئے جواب دیا کہ جذبہ اور وقت کا بہتر استعمال سب کچھ ممکن بنادیتا ہے۔ ان کا کہنا تھا ”خواتین نازک نہیں ہیں۔ وہ دنیا کا کوئی بھی کام کرسکتی ہیں، وہ ایتھلیٹ ہوسکتی ہیں، ایک بیوی، والدہ ہوسکتی ہیں، اور یہ سب کچھ ایک ساتھ کرسکتی ہیں۔“
صائمہ صبح سویرے بیدار ہوتی ہیں اور اپنے بیٹے کو سکول کے لئے تیار کرتی ہیں، جس کے بعد اسے سکول چھوڑ کر بھی آتی ہیں۔ اس کے بعد ان کی ٹریننگ کا وقت ہوجاتا ہے اور وہ بھرپور محنت سے ویٹ لفٹنگ کی ٹریننگ کرتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ پکی لاہوری ہیں لہٰذا لاہوری کھانوںکی شیدائی ہیں اور خصوصاً لسی کو بہت پسند کرتی ہیں ، تاہم ویٹ لفٹنگ کے تقاضوں کے پیش نظر ڈائٹنگ کو بھی ملحوظ خاطر رکھتی ہیں۔ یہ باہمت خاتون پاکستان کا نام دنیا بھر میں روشن کرنے کے لئے پرعزم ہیں اور ویٹ لفٹنگ کے میدان میں عالمی اعزاز پاکستان کے نام کرنا ان کا خواب ہے۔