آج کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور کراچی کنگز مدِمقابل

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع فروری 23, 2017 | 13:12 شام

دبئی(مانیٹرنگ)ٌپاکستان سپر لیگ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور کراچی کنگز کے درمیان جمعرات کو دبئی میں میچ کھیلا جارہا ہے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اس وقت سات پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل میں سرفہرست ہے۔ اس نے پانچ میں سے تین میچز جیتے ہیں۔ ایک میچ میں اسے شکست ہوئی ہے اور ایک میچ نامکمل رہا ہے۔

لاہور قلندر اور اسلام آباد یونائٹڈ کے چھ چھ پوائنٹس ہیں۔ دونوں ٹیموں نے چھ میں سے تین میچز جیتے ہیں اور تین میں انھیں شکست ہوئی ہے لیکن رن ریٹ کی بنیاد پر لاہور قلندر کی ٹیم دوسرے نمبر پر ہے۔

پشاور زلمی نے چھ میچوں میں پانچ پوائنٹس حاصل کر کے چوتھے نمبر پر ہے۔

کراچی کنگز اس وقت آخری نمبر پر ہے اور اس نے پانچ میں سے دو میچز جیتے ہیں اور تین میں اسے شکست ہوئی ہے اور اس کے چار پوائنٹس ہیں۔

انفرادی کارکردگی میں اسلام آباد یونائٹڈ کے ڈوئن سمتھ سب سے آگے ہیں انھوں نے چھ میچوں میں دو نصف سنچریوں کی مدد سے 217 رنز بنائے ہیں۔

بولنگ میں اسلام آباد یونائٹڈ کے محمد سمیع کراچی کنگز کے سہیل خان اور لاہور قلندر کے سہیل تنویر قابل ذکر ہیں ان تینوں کی نو نو وکٹیں ہیں۔

پاکستان سپر لیگ میں سب سے بڑا انفرادی سکور 88 ہے جو پشاور زلمی کے کامران اکمل اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کیون پیٹرسن نے سکور کیا ہے جبکہ بہترین انفرادی بولنگ 7 رنز کے عوض4 وکٹ یاسر شاہ کی رہی ہے۔

پاکستان سپر لیگ میں اب تک چودہ میچز کھیلے جا چکے ہیں۔ پہلے دو کوالیفائنگ فائنلز اٹھائیس فروری اور یکم مارچ کو شارجہ میں کھیلے جائیں گے جبکہ تیسرا کوالیفائنگ فائنل تین مارچ کو دبئی میں ہوگا۔

پاکستان سپر لیگ کا فائنل پانچ مارچ کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔