افسوس کہ ملک میں یہ کام بھی ‘پی ٹی آئی ‘ کو ہی کرنا پڑا ، حکومت بس خاموش تماشائی بن کر ہی دیکھتی رہی

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع فروری 01, 2017 | 13:37 شام

اسلام آباد (مانیٹرنگ رپورٹ) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے 7 مسلمان ممالک کے شہریوں کے امریکا میں داخلے پر پابندی کے خلاف قومی اسمبلی میں قرارداد مذمت جمع کروا دی ہے۔ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی خصوصی ہدایت پر قرارداد اسد عمر، شیریں مزاری، ڈاکٹر عارف علوی اور دیگر کی جانب سے جمع کروائی گئی، جسے دیگر اپوزیشن جماعتوں کی بھی حمایت حاصل تھی۔ قرارداد میں ٹرمپ انتظامیہ کے فیصلے کو متعصب اور انسانی حقوق کی صریحاً خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا گیا کہ حک

ومت اس معاملے کو امریکا اور عالمی سطح پر اٹھائے۔

قرارداد میں کہا گیا کہ یہ فیصلہ عالمی سطح پر نفرت اور دوریوں کا موجب بنے گا۔ اپوزیشن ارکان نے جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف قرارداد پیش کرنے کی اجازت مانگی تو ڈپٹی اسپیکر نے کہا کہ قرارداد قواعد کے مطابق لائی جائے گی تب ہی پیش کرنے کی اجازت ہوگی۔ اسمبلی قواعد کے مطابق کسی بھی قرارداد کو پہلے اسمبلی سیکریٹریٹ میں جمع کروایا جاتا ہے، جس کا جائزہ لینے کے بعد اسے ایجنڈے میں شامل کرنے کے حوالے سے فیصلہ کیا جاتا ہے، تاہم اپوزیشن کا اصرار تھا کہ اس قرارداد پر آج ہی بحث کی جائے۔ واضح رہے کہ گذشتہ ماہ 27 جنوری کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نئے ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کرکے امریکا میں تارکین وطن کے داخلے کے پروگرام کو معطل کرتے ہوئے 7 مسلمان ممالک کے شہریوں کے امریکا میں داخلے پر بھی پابندی عائد کردی تھی۔