شہباز شریف رمضان المبارک میں عوام کو ریلیف کی فراہمی کیلئے اقدامات خود کریں گے
تحریر: فضل حسین اعوان
| شائع اپریل 19, 2017 | 08:17 صبح
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک): رمضان المبارک کے موقع پرذخیرہ اندوز اور منافع خور مافیا جس طرح دونوں ہاتھوں سے عوام کو لوٹتا ہے۔ اس کو کنٹرول کرنے کیلئے حکومت پنجاب ہر سال اقدامات کرتی ہے۔ سستے بازار، رمضان بازار، اتوار بازار کا بنیادی مقصد یہی ہوتا ہے کہ عوام کو ریلیف ملے مگر بدقسمتی سے یہ ذخیرہ اندوزاور منافع خور مافیا اس قدر مضبوط اور بااثر ہے کہ حکومت کے تمام اقدامات کو ناکام بنا دیتا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب کی طرف سے اس مرتبہ 300 سے زائد رمضان بازار اور ضلعی پرائس کنٹرول کمیٹیوں کی تشکیل کی ہدایت کا مقصد بھی یہی ہے کہ رمضان المبارک کے موقع پر گراں فروشی پر قابو پایا جا سکے۔ اگر حکومت ایسا کرنے میں کامیاب رہتی ہے وزیراعلیٰ کے احکامات کا ثمر عوام تک پہنچ سکتا ہے۔ اسکے ساتھ ساتھ حکومت عام بازاروں اور مارکیٹوں میں بھی سرکاری نرخوں پر اشیا خورد و نوش کی بلاتعطل فراہمی بھی یقینی بنائے۔ تاکہ کہیں بھی اشیا کی قلت کی آڑ میں قیمتیں بڑھائی نہ جا سکیں۔ جو لوگ حکومت کے احکامات کی راہ میں آڑے آئیں ان کےخلاف سخت تادیبی کارروائی کی جائے تاکہ رمضان میں اشیا کی قلت اور مہنگائی کنٹرول میں رہے۔